57

غزہ میں اسرائیلی حملوں میں شدت، 24 گھنٹے میں 50 سے زائد شہیدہوگئے

غزہ/نیویارک(ایچ آراین ڈبلیو)غزہ پر اسرائیلی فوجی کارروائیوں میں مسلسل اضافہ دیکھا جا رہا ہے، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 50 سے زیادہ فلسطینی شہید ہو گئے ہیں۔ اطلاعات کے مطابق اسرائیلی فوج نے خان یونس میں بے گھر فلسطینیوں کے خیموں کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں دو معصوم بچے بھی شہید ہو گئے۔

غزہ شہر کے مرکز میں اسرائیلی فوج کی پیش قدمی جاری ہے، اور زمینی آپریشنز میں اب تک شہر کی 1,700 سے زیادہ کثیر المنزلہ عمارتیں تباہ ہو چکی ہیں۔ اس تباہی کے باعث تقریباً 4,80,000 فلسطینیوں کو اپنے گھر بار چھوڑنے پر مجبور ہونا پڑا ہے، جن میں سے ساڑھے چار لاکھ افراد غزہ شہر سے نقل مکانی کر چکے ہیں۔

دوسری جانب، بین الاقوامی سطح پر فلسطین کو حمایت حاصل ہو رہی ہے۔ پرتگال نے برطانیہ، فرانس، آسٹریلیا اور کینیڈا جیسے ممالک کے بعد فلسطین کو ایک خودمختار ریاست کے طور پر تسلیم کرنے کا اعلان کیا ہے۔ پرتگالی وزارت خارجہ کے مطابق، اس حوالے سے باضابطہ اعلان 21 ستمبر کو کیا جائے گا۔

اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے موجودہ اجلاس میں متعدد ممالک کے فلسطین کو ریاست تسلیم کرنے کے اعلانات متوقع ہیں، جس سے بین الاقوامی برادری میں فلسطینی حق خودارادیت کے حوالے سے حمایت میں اضافہ ہو رہا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں