کراچی(ایچ آراین ڈبلیو) بلدیہ وسطی فیڈرل بی ایریا بلاک 6 میں قائم منیبہ گورنمنٹ پرائمری اسکول پر قبضے کی کوشش ناکام بنا دی گئی۔ تفصیلات کے مطابق شہر کے مشہور ریسٹورنٹ “جاوید نہاری” کے مالک نے اسکول کی عمارت پر قبضہ کرنے کی کوشش کی، تاہم جماعت اسلامی فیڈرل بی ایریا کے ذمہ داران اور مقامی رہائشی فوری طور پر اسکول پہنچ گئے اور انتظامیہ کے ساتھ کھڑے ہو گئے.
جماعت اسلامی کے رہنماؤں نے اسکول پرنسپل اور اساتذہ سے ملاقات کی اور یقین دہانی کرائی کہ کسی صورت میں اسکول پر قبضہ نہیں ہونے دیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر دوبارہ اس طرح کی کوشش ہوئی تو بھرپور احتجاج کیا جائے گا اور ہر فورم پر آواز بلند کی جائے گی۔
” اسکول فیڈرل بی ایریا کے بچوں کا ہے، جہاں سے ہزاروں طلبہ تعلیم حاصل کر کے نکلے ہیں اور آج مختلف شعبوں میں اہم ذمہ داریاں ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ “ہم خود اس علاقے کے باسی ہیں، یہ اسکول ہماری نئی نسل کا مستقبل ہے، اس پر قبضہ کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔”
جماعت اسلامی کے ذمہ داران نے کہا کہ سندھ حکومت کی تعلیم دشمن پالیسیوں کی وجہ سے سرکاری اسکول پہلے ہی تباہ حالی کا شکار ہیں، اور اب ان اداروں پر قبضوں کی کھلی چھوٹ دے دی گئی ہے۔ انہوں نے سوال کیا کہ محکمہ تعلیم اور پولیس حکام اس سنگین معاملے پر خاموش تماشائی کیوں بنے ہوئے ہیں؟
رہنماؤں نے کہا کہ سندھ حکومت کے دور میں ایک طرف لاکھوں بچے اسکولوں سے باہر ہیں تو دوسری طرف موجود اسکولوں کی عمارتوں اور زمینوں پر مافیاز قبضہ کر رہے ہیں۔ انہوں نے متعلقہ ایجوکیشن افسران اور ضلعی پولیس سے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر کارروائی کی جائے اور ملوث افراد کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے.
اس موقع پر جماعت اسلامی نے اعلان کیا کہ اگر اسکولوں پر قبضے کی کوششیں بند نہ ہوئیں تو بھرپور احتجاجی تحریک چلائی جائے گی۔


