57

غزہ کا انسانیت سوز المیہ روکا جائے،پاکستان نے اقوام متحدہ میں فلسطین کے حق میں زوردار آواز بلند کی

نیویارک(ایچ آراین ڈبلیو) اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار نے سلامتی کونسل کے اجلاس میں تاریخی خطاب کرتے ہوئے اسرائیلی مظالم کے خلاف دنیا کے ضمیر کو جھنجوڑ دیا۔ انہوں نے دوٹوک الفاظ میں اعلان کیا کہ پاکستان ایک آزاد فلسطینی ریاست کے قیام تک اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔

مندوب پاکستان نے غزہ میں جاری انسانی المیے کو تفصیل سے اجاگر کرتے ہوئے کہا، “غزہ میں روزانہ درجنوں معصوم شہری شہید کیے جا رہے ہیں۔ خوراک کی شدید قلت کے باعث بچے بھوک سے دم توڑ رہے ہیں، اور اسرائیل نے اپنی وحشیانہ کارروائیوں میں اسپتالوں تک کو نہیں بخشا۔”

انہوں نے سلامتی کونسل پر زور دیا کہ وہ فوری طور پر غیر مشروط جنگ بندی نافذ کرنے کے لیے فوری اقدامات کرے۔ ان کا مؤقف تھا کہ بین الاقوامی برادری کو فلسطینی عوام کے بنیادی انسانی حقوق کے تحفظ کے لیے فوری طور پر آگے آنا ہوگا۔

عاصم افتخار نے واضح کیا کہ پاکستان ہمیشہ سے فلسطینی عوام کے جائز حق خودارادیت کا حامی رہا ہے اور مستقبل میں بھی ان کے حق میں بین الاقوامی فورمز پر آواز اٹھاتا رہے گا۔ یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب غزہ میں انسانی بحران دن بہ دن سنگین ہوتا جا رہا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں