52

میچ ریفری کونہ ہٹایا توپاکستان ایشیا کپ میں مزید میچز نہیں کھیلے گا، پی سی بی

لاہور (ایچ آر این ڈبلیو)پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے بھارت کے خلاف میچ میں ریفری اینڈی پائی کرافٹ کے متنازع رویے پر سخت موقف اپناتے ہوئے انہیں تبدیل نہ کرنے کی صورت میں ایشیا کپ سے دستبردار ہونے کی دھمکی دے دی۔

ذرائع کے مطابق پی سی بی نے بین الاقوامی کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کو رسمی خط میں واضح کر دیا ہے کہ “اگر میچ ریفری کو فوری طور پر تبدیل نہ کیا گیا تو پاکستان ٹورنامنٹ کے باقی میچز نہیں کھیلے گا۔”

چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے اس حوالے سے جاری بیان میں کہا کہ “ریفری اینڈی پائی کرافٹ نے کرکٹ کی روح کے برعکس اقدامات کیے ہیں۔ انہوں نے ٹاس کے بعد دونوں کپتانوں کے ہاتھ ملانے سے منع کر کے آئی سی سی کوڈ آف کنڈکٹ کی واضح خلاف ورزی کی ہے۔”

واضح رہے کہ گزشتہ روز کھیلے گئے میچ کے دوران ریفری نے دونوں ٹیموں کے کپتانوں کو مصافحہ نہ کرنے کا غیر معمولی حکم دیا تھا، جس پر پاکستان کے ٹیم منیجر نوید اکرم چیمہ نے فوری طور پر احتجاج درج کرایا تھا۔

پی سی بی کے مطابق یہ اقدام کرکٹ کے بین الاقوامی معیارات اور روایات کے منافی ہے، اور اس نے میچ کے دوستانہ ماحول کو متاثر کیا ہے۔ بورڈ نے آئی سی سی سے فوری کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔

کھیل کے ماہرین کے مطابق اگر پی سی بی واقعی ٹورنامنٹ سے دستبردار ہوتا ہے تو یہ ایشیا کپ کی تاریخ میں پہلا بڑا بحران ہوگا، جس کے بین الاقوامی کرکٹ پر دور رس اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں