55

جنگی جرائم پر اسرائیل کو کٹہرے میں لانا ہوگا، اقدامات نہ کیے تو تاریخ معاف نہیں کرے گی، وزیر اعظم

دوحہ (ایچ آر این ڈبلیو): وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف نے عرب اسلامی ہنگامی سربراہی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اسرائیل کی جارحیت کی سخت مذمت کی اور فوری جنگ بندی کا مطالبہ کیا۔ وزیراعظم نے قطر کی خودمختاری کی خلاف ورزی کو بین الاقوامی قوانین کی سنگین خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے کہا کہ “اسرائیل نے ہمارے برادر ملک قطر کی خودمختاری اور سلامتی کی خلاف ورزی کی ہے۔ جنگی جرائم پر اسرائیل کو کٹہرے میں لانا ہوگا۔”

قطر کے دارالحکومت دوحہ میں منعقدہ اس اہم اجلاس میں سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سمیت متعدد اسلامی ممالک کے سربراہان نے شرکت کی۔ وزیراعظم شہباز شریف نے زور دے کر کہا کہ “غزہ میں انسانیت سسک رہی ہے۔ ہم اقوام متحدہ میں اسرائیل کی رکنیت معطل کرنے کی تجویز کے حامی ہیں۔”

انہوں نے بین الاقوامی برادری سے اپیل کی کہ “فوری سیز فائر نافذ کیا جائے، غزہ میں طبی عملے کو فوری رسائی دی جائے، اور شہری آبادی کو ہنگامی بنیادوں پر امداد فراہم کی جائے۔” وزیراعظم نے واضح کیا کہ پاکستان 1967 کی سرحدوں کے مطابق ایک آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کا حامی ہے۔

انہوں نے خبردار کیا کہ “اگر ہم نے اجتماعی دانش سے اقدامات نہ کیے تو تاریخ ہمیں معاف نہیں کرے گی۔ اسرائیل کی طرف سے عالمی قوانین کی دھجیاں اڑانا قابل مذمت ہے۔” وزیراعظم نے تمام اسلامی ممالک سے متحد ہو کر فلسطین کے حق میں آواز اٹھانے کا مطالبہ کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں