لاہور (ایچ آر این ڈبلیو): پاکستان میں انڈونیشیا کے سفیر لیفٹیننٹ جنرل (ر) چندرا وارسی نانتو سکوتجو نے سنٹرل پولیس آفس میں آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور سے ملاقات کی۔ دونوں رہنماؤں نے پولیس ٹریننگ اور سیکیورٹی تعاون کو فروغ دینے کے حوالے سے اہم بات چیت کی۔
انڈونیشیائی وفد میں ڈیفنس اتاشی کرنل ہنرو ہدایت سوسانتو، فرسٹ سیکرٹری محمد سفیان سر، سیکنڈ سیکرٹری ریکا گارتکا اور پروٹوکول افسر بونار شامل تھے۔ وفد کو پنجاب پولیس کی ٹیکنالوجی اور آرٹیفیشل انٹیلیجنس پر مبنی اصلاحات، سیف سٹی منصوبہ، ورچوئل ویمن پولیس سٹیشنز، اور خدمت و تحفظ مراکز کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ “پاکستان انڈونیشیا کی تیز رفتار ترقی اور اسلامی دنیا میں اس کے قائدانہ کردار کی قدر کرتا ہے۔” انہوں نے دونوں ممالک کے مابین پولیس تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر زور دیا۔
انڈونیشیا کے سفیر نے پنجاب پولیس کی دہشت گردی کے خلاف کامیاب کارروائیوں، کمیونٹی پولیسنگ اقدامات اور عوامی خدمت کے شعبوں میں ترقی کو سراہا۔ دونوں فریقوں نے پولیس ٹریننگ اور استعداد کار میں اضافے کے لیے باہمی وفود کے تبادلے پر اتفاق کیا۔
ملاقات کے اختتام پر دونوں رہنماؤں نے یادگاری سووینئرز کا تبادلہ کیا۔ انڈونیشیائی وفد نے شہدا و غازی والز، پولیس میوزیم اور سی پی او کے مختلف شعبوں کا دورہ بھی کیا۔ اس موقع پر ایڈیشنل آئی جی سلطان احمد چوہدری اور اے آئی جی ڈسپلن عمارہ اطہر بھی موجود تھیں۔


