اسلام آباد (ایچ آر این ڈبلیو): وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ ملک میں موسمیاتی اور زرعی ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے، جس کے تحت ضروری اقدامات اٹھائے جائیں گے۔
کمالیہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر خزانہ نے بتایا کہ “کسانوں کے نقصانات کا تخمینہ لگانے کے لیے خصوصی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔ ہم حقائق پر مبنی بات کر رہے ہیں اور فی الحال سب سے اہم چیز متاثرہ افراد کی فوری امداد ہے۔”
انہوں نے کہا کہ سیلاب سے ہونے والے نقصانات کا جائزہ لینے کے لیے جامع سروے جاری ہے، جبکہ وزیراعظم اور آرمی چیف خود متاثرہ علاقوں کا دورہ کر رہے ہیں۔
وزیر خزانہ نے معاشی صورتحال پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ “ملک کی معیشت بہتری کی جانب گامزن ہے۔ عالمی سطح پر فیول کی قیمتوں میں کمی کی وجہ سے مہنگائی کے عالمی دباؤ میں کمی واقع ہوئی ہے، اور ہم مصنوعی مہنگائی روکنے کے لیے بھرپور اقدامات کر رہے ہیں۔”
انہوں نے زور دیا کہ حکومت متاثرہ کسانوں کی بحالی اور زرعی شعبے کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدام کرے گی۔


