اسلام آباد (ایچ آراین ڈبلیو) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے متحدہ عرب امارات کی نیشنل اینٹی نارکوٹکس اتھارٹی کے چیئرمین شیخ زید بن حماد بن حمدان النہیان نے وزارت داخلہ میں ملاقات کی۔
وزیر داخلہ نے شیخ زید النہیان کا گرمجوشی سے خیرمقدم کیا۔ دونوں شخصیات کے درمیان باہمی دلچسپی کے امور، خاص طور پر خطے میں منشیات کی روک تھام کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔
ملاقات کے دوران دونوں ممالک نے انسداد منشیات کے میدان میں مشترکہ تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا۔ اس مقصد کے لیے دونوں فریقوں نے رابطہ افسران مقرر کیے ہیں۔ پاکستان کی جانب سے ڈائریکٹر جنرل اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) میجر جنرل عبدالمعید، جبکہ متحدہ عرب امارات کی جانب سے بریگیڈئیر طاہر غریب کو خصوصی نمائندہ مقرر کیا گیا ہے۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے متحدہ عرب امارات میں نیشنل اینٹی نارکوٹکس اتھارٹی کے قیام کو سراہا اور شیخ زید النہیان کو اس اتھارٹی کے پہلے چیئرمین بننے پر مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے اس اقدام کو دونوں ممالک کے درمیان تعاون کو فروغ دینے کے لیے ایک اہم قدم قرار دیا۔
محسن نقوی نے زور دے کر کہا کہ منشیات کے مکروہ کاروبار سے نمٹنے کے لیے پاکستان “آہنی ہاتھ” سے کام لے رہا ہے۔ انہوں نے دونوں ممالک کی مشترکہ کوششوں سے حاصل ہونے والی حالیہ کامیابیوں کا تذکرہ کرتے ہوئے بتایا کہ متحدہ عرب امارات میں منشیات سمگلنگ میں ملوث 400 ملزمان کو گرفتار کیا گیا اور 5 ٹن منشیات ضبط کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ کامیابی مشترکہ کاوشوں اور معلومات کے بروقت تبادلے کا نتیجہ ہے۔
اس موقع پر وزیر مملکت داخلہ طلال چوہدری، وفاقی سیکرٹری داخلہ، ایڈیشنل سیکرٹریز، ڈی جی اینٹی نارکوٹکس فورس اور دیگر سینئر حکام بھی موجود تھے۔


