بہاولپور(ایچ آراین ڈبلیو)ایمپریس ریلوے بریج یا آدم واہن برج بہاولپورپرسب سےپہلے سُتلج دریا پر بنایا گیا ایک تاریخی ریلوے پل ہے۔مشہور ہے کہ پل مکمل ہونے کے بعد جب پہلی بار مال گاڑی گزری تو بہاولپور کے مقامی لوگ اسے حیرت سے دیکھنے کے لیے گھنٹوں کھڑے رہے، کیونکہ اتنی بڑی ریل کو دریا کے اوپر چلتا دیکھنا اُس وقت کسی معجزے سے کم نہ تھا۔
بریج کی تعمیر کا آغاز برطانوی راج کے دوران 1873 میں ہوا، جب ابتدائی طور پر میٹر گیج کے مطابق ڈیزائن تیار ہوا۔ تاہم 1874 میں اسے 5 فٹ 6 انچ چوڑے گیج (بروڈ گیج) میں تبدیل کرنے کا فیصلہ کیا گیا، اور دوبارہ ڈیزائن اور کام جاری ہوا ۔
پل کی تکمیل مارچ 1878 میں ہوئی، جب سبھی گیئررز (girders) نصب کیے گئے اور ٹیسٹنگ کے بعد اسے مکمل سمجھا گیا۔رسماً افتتاح 7 جون 1878 کو منعقد ہوا، جب لاہور سے آنے والی ایک ٹرین کو بہاولپور کے قریب آدم واہن علاقے میں منعقدہ تقریب میں روکا گیا۔ اس موقع پر یہ اعلان ہوا کہ ملکہ وکٹوریہ کی اجازت سے اس پل کا نام “Empress Bridge” رکھا گیا ہے۔پل کا کردار کراچی سے لاہور تک کے براہِ راست ریلوے رابطہ کو مکمل کرنے میں انتہائی اہم تھا۔


