اسلام آباد(ایچ آراین ڈبلیو)چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹوزرداری نےپیرکے روز اڈیالہ جیل کے باہر پی ٹی آئی کے کارکنوں کی جانب سےصحافیوں پرتشدد کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے۔ یہ صحافی اپنے فرائض منصبی کی ادائیگی کے لئے اڈیالہ جیل کے باہر موجود تھے۔
جب عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ بی بی صحافیوں سےگفتگوکےلئےآئیں توان کےساتھ آئے ہوئے پی ٹی آئی کے کارکنوں نے صحافیوں پرحملہ کر دیا اور سینیئر صحافی طیب بلوچ اور اعجاز احمد کو زدوکوب کیا۔ یہ حملہ آزادی صحافت پر حملہ کرنے کے مترادف ہے جس کی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے کارکنوں کا یہ رویہ ناقابل برداشت ہےاورتشدد کی ایسی کارروائیاں پاکستان میں جمہوریت کےلئےنقصان دہ ثابت ہوتی ہیں۔صحافیوں پرتشدد کارحجان انتہائی خطرناک ہے۔
انہوں نے کہا کہ حملہ صحافت اور جمہوریت پر حملے کے مترادف ہے۔ چیئرمین بلاول نے کہا کہ آزادی اظہار اور آزادی صحافت ایک جمہوری معاشرے کا لازمی جزو ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی ہمیشہ صحافیوں کے حقوق، تحفظ اور آزادی اظہار کے لئے آواز اٹھاتی رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں بھی پاکستان پیپلزپارٹی نے صحافیوں کے حقوق کی جدوجہد میں ہراول دستے کا کردار ادا کیا ہے اور مستقبل میں بھی صحافیوں کے حقوق اور تحفظ کے لئے آواز بلند کرتی رہے گی۔


