92

پورے عالم اسلام کو 1500 سالہ جشن ولادت حضور خاتم النبیین ﷺ بہت بہت مبارک ہو

لاہور(ایچ آراین ڈبلیو)سربراہ تحریکِ لبیک پاکستان حافظ سعد حسین رضوی نے 1500 سالہ جشن ولادتِ حضور خاتم النبیین ﷺ کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا کہ یہ ایک ایسا تاریخی اور بابرکت لمحہ ہے جو زندگی میں ایک بار نصیب ہورہا ہے۔ ہمیں پہلی اور آخری بار یہ شرف حاصل ہورہا ہے کہ ہم اس سال 1500 سالہ جشن ولادتِ حضور خاتم النبیین ﷺ منائیں۔ یہ صرف خوشی اور مسرت کا دن نہیں بلکہ امتِ مسلمہ کے اتحاد، بیداری اور اپنی ذمہ داریوں کے احساس کا دن ہے۔ انہوں نے کہا کہ حضور ﷺ کی ذاتِ اقدس سراپا رحمت اور آپ کی سیرتِ طیبہ انسانیت کے لیے مشعلِ راہ ہے۔ ہمیں آپ ﷺ کے لائے ہوئے پیغامِ عدل، محبت، ایثار اور قربانی کو اپنی زندگیوں کا حصہ بنانا ہوگا۔ ختمِ نبوت ﷺ کے عقیدے پر استقامت اور ناموسِ رسالت ﷺ کے تحفظ کے لیے امت کو ہر قربانی کے لیے تیار رہنا ہوگا۔ سربراہ تحریکِ لبیک پاکستان نے کہا کہ آج جب غزہ کے نہتے مسلمان بچوں، عورتوں اور بوڑھوں پر اسرائیلی جارحیت کے بدترین مظالم ڈھائے جا رہے ہیں، امت مسلمہ کا خاموش رہنا ناقابلِ معافی جرم ہے۔ فلسطین میں جاری ظلم دراصل پوری امت پر حملہ ہے۔ اس لیے ہمیں جشنِ ولادت حضور خاتم النبیین ﷺ کو غزہ کے مظلوم مسلمانوں سے یکجہتی کے دن کے طور پر منانا چاہیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس دن پوری دنیا کے مسلمان گھروں سے نکلیں، گلی کوچوں اور بازاروں کو محبتِ رسول ﷺ کے نور سے روشن کریں، اور دنیا کو دکھائیں کہ ہم اپنے نبی کریم ﷺ کی آمد کی خوشیاں بھی مناتے ہیں اور اپنے مظلوم بھائیوں کے ساتھ عملی یکجہتی کا مظاہرہ بھی کرتے ہیں۔ یہی حضور ﷺ کی سیرت کا حقیقی پیغام ہے کہ ظلم کے خلاف ڈٹ جاؤ اور مظلوم کا ساتھ دو۔ آخر میں انہوں نے پوری امت سے اپیل کی کہ 1500 سالہ جشن ولادتِ حضور خاتم النبیین ﷺ کو شایانِ شان طریقے سے منایا جائے اور اس موقع کو امت کے اتحاد، ناموسِ رسالت ﷺ کے تحفظ، ختمِ نبوت ﷺ کے دفاع اور اسلام کی سربلندی کے لیے ایک سنگ میل بنایا جائے۔ اللہ رب العزت اس جشن کو امت کی بیداری اور کامیابی کا ذریعہ بنائے۔ آمین۔

اپنا تبصرہ بھیجیں