لاہور(ایچ آراین ڈبلیو)وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف گجرات اور جلال پور جٹاں پہنچیں جہاں انہوں نے سیلاب متاثرین کے لیے قائم ریلیف انتظامات کا جائزہ لیا-
وزیر اعلیٰ نے شہباز پور ریلیف کیمپ کا بھی دورہ کیا اور دریا میں طغیانی کے باعث پیدا ہونے والی صورتحال کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے شہباز پور ٹینٹ سٹی میں متاثرہ خاندانوں کو فراہم کی جانے والی سہولتوں کا جائزہ لیا۔
مریم نواز نے خواتین اور بچوں سے ملاقات کرکے ان کے مسائل سنے اور ریلیف کے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے یقین دلایا کہ حکومت متاثرین کو ہر ممکن سہولت، رہائش اور طبی امداد فراہم کرے گی۔
وزیر اعلیٰ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ ریلیف سرگرمیوں میں مزید تیزی لائی جائے اور کوئی بھی متاثرہ شہری حکومتی امداد سے محروم نہ رہے۔


