51

بارش کے پانی کی نکاسی نہ ہونے سے مچھروں کی بھرمار، ڈینگی کے کیسز بڑھ گئے

کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)سندھ میں بارش کے پانی کی نکاسی نہ ہونے سے مچھروں کی افزائش میں ہوشربا اضافہ ہوگیا، کراچی سمیت سندھ کے مختلف شہروں میں ڈینگی کے کیسز میں یک دم اضافہ ہوگیا، بلڈ بینکس پر پلیٹیلیٹس اور میگا پلیٹیلیٹس کی مانگ بھی بڑھ گئی۔

سندھ میں پانی کی نکاسی نہ ہونے سے مچھروں کی افزائش میں ہوشربا اضافہ ہوگیا، جس کے باعث کراچی سمیت سندھ بھر میں ڈینگی کے کیسز میں یکدم اضافہ ہوگیا جبکہ بلڈ بینکس پر پلیٹیلیٹس اور میگا پلیٹیلیٹس کی مانگ بھی بڑھ گئی۔

رواں سال سندھ میں سرکاری سطح پر ڈینگی کے 436 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جن میں سے 375 کا تعلق کراچی سے ہے۔کراچی کے ضلع شرقی میں ڈینگی کے93، ضلع وسطی میں 85 ، ضلع جنوبی میں 73، ضلع کورنگی 52 ، ضلع ملیر 34 جبکہ ضلع غربی اور کیماڑی میں 19 ، 19 کیسز رپورٹ ہوئے۔

اسی طرح ضلع حیدرآباد میں 43 ، ضلع میرپورخاص 13 ، شہید بےنظیر آباد3، سکھر 2 اور لاڑکانہ میں ڈینگی کا ایک کیس رپورٹ ہوا، تاہم اس ڈیٹا میں نجی ہسپتالوں کے اعداد و شمار اس میں شامل نہیں۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ ڈینگی وائرس کی علامات میں تیز بخار، جسم پرلال دھبے اور ناک منہ کان سےخون کااخراج ہونا شامل ہے، جس کی وجہ سے زائد خون بہنے سے انسانی جسم شاک میں چلا جاتا ہے۔

ماہرین کے مطابق ڈینگی مچھر گھروں میں موجود صاف پانی میں نشونما پاتا ہے اور خصوصی طور پر پر فجر اور مغرب کے اوقات میں کاٹتا ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ شہریوں کو چاہیے کہ گھروں میں موجود پانی کے برتنوں کو مکمل طور پر ڈھانپ کر رکھیں، پوری آستینوں والے کپڑے پہنیں، گھروں میں مچھروں سے بچاؤ کی اشیا کا استعمال لازمی کریں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں