کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)ایس ایس پی ڈسٹرکٹ سینٹرل ذیشان شفیق صدیقی کی صدارت میں ربیع الاول کے موقع پر سیکیورٹی انتظامات کے حوالے سے ایک اہم اجلاس ایس ایس پی ڈسٹرکٹ سینٹرل آفس کے کانفرنس روم میں منعقد ہوا۔
اجلاس میں ایس پی گلبرگ، ایس پی لیاقت آباد ڈویژن، تمام ایس ڈی پی اوز کے علاوہ ڈسٹرکٹ سینٹرل کے معزز علماء کرام، مشائخ عظام، مختلف مسالکی تنظیموں اور انجمنوں کے عہدیداران شریک ہوئے۔ شرکاء میں یحییٰ عطاری، خالد نور، ناصر حسین، محمد سلیم قادری، صداقت اللہ، شفیع قادری، انصار بیگ، سید مسرور ہاشمی، اویس قادری، صادق قریشی، میلاد علی اعجازی، جمیل راٹھور، یعقوب عطاری سمیت دیگر نمائندگان شامل تھے۔
اجلاس میں 12 ربیع الاول کے جلوس اور دیگر مذہبی پروگراموں کے سیکیورٹی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ شرکاء نے اپنی گذارشات اور تجاویز پیش کیں جن پر ایس ایس پی ڈسٹرکٹ سینٹرل نے موقع پر ہی متعلقہ احکامات جاری کیے۔
ایس ایس پی ذیشان شفیق صدیقی نے تمام علماء، مشائخ اور عہدیداران کی شرکت پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ربیع الاول کے موقع پر قیام امن اور سیکیورٹی انتظامات کو یقینی بنانے کے لیے پولیس اور عوام کے باہمی تعاون کی اشد ضرورت ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ڈسٹرکٹ سینٹرل پولیس اپنے تمام وسائل بروئے کار لاتے ہوئے امن و امان کے قیام کو یقینی بنائے گی۔
اس موقع پر علماء و مشائخ نے پولیس کے ساتھ بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔


