خیبرپختونخوا(ایچ آراین ڈبلیو)بارشوں سے مزید آٹھ افراد جاں بحق ہوگئے، صوبے میں اموات کی مجموعی تعداد 406 تک پہنچ گئی۔ریسکیو 1122 کے مطابق اتوار کے روز خیبر پختونخوا کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان میں شدید بارشوں کے نتیجے میں کم از کم آٹھ افراد جاں بحق ہوگئے، جس کے بعد 15 اگست سے صوبے میں بارشوں سے جاں بحق افراد کی مجموعی تعداد 406 تک پہنچ گئی ہے۔
15 اگست سے شروع ہونے والی ریکارڈ بارشوں نے صوبے کے مختلف علاقوں میں تباہی مچا رکھی ہے، طوفانی بارشوں سے گھروں کو نقصان پہنچنے، لوگوں کے بے گھر ہونے اور اور بونیر، سوات، شانگلہ، مانسہرہ اور دیگر اضلاع میں تباہی کے بعد گذشتہ ہفتے صوبائی حکومت نے ایمرجنسی نافذ کردی تھی۔
جمعرات کو صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے ایک ایڈوائزری جاری کی تھی جس میں 22 سے 26 اگست تک صوبے میں مزید بارشوں کی پیش گوئی کی گئی تھی۔
ریسکیو 1122 ڈیرہ اسماعیل خان کے ترجمان کے مطابق ’ گزشتہ رات طوفانی بارشوں نے آٹھ افراد کی جان لے لی’ ، جبکہ چھتیں گرنے کے مختلف واقعات میں 48 افراد زخمی ہوئے۔


