کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)سندھ انرجی ڈپارٹمنٹ نےعوام کوخبردارکرتےہوئےاعلان کیا ہے کہ “Sindh-solar-panel.get-orfferme.online” نامی ویب سائٹ جعلی ہے جو مفت سولر پینل فراہم کرنے کا جھوٹا دعویٰ کر رہی ہے۔ محکمے کے مطابق اس جعلی ویب سائٹ کا مقصد عوام کو گمراہ کر کے ذاتی معلومات جمع کرنا ہے۔
انرجی ڈپارٹمنٹ سندھ نے واضح کیا ہے کہ اس فراڈ میں ملوث افراد اور گروہ کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ اس لنک یا کسی بھی مشکوک ویب سائٹ پر اپنی ذاتی معلومات جیسے شناختی کارڈ نمبر، فون نمبر اور پتے وغیرہ ہرگز شیئر نہ کریں۔
محکمے نے مزید کہا ہے کہ کسی بھی سرکاری اسکیم میں “لنک شیئر کرنے” یا “سوشل میڈیا ویریفکیشن” جیسی شرط عائد نہیں کی جاتی۔ درست اور مصدقہ معلومات کے لیے عوام کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ صرف سندھ انرجی ڈپارٹمنٹ کی آفیشل ویب سائٹ sindhenergy.gov.pk یا سندھ سولر انرجی پروجیکٹ ssep.gos.pk پر وزٹ کریں۔


