اسلام آباد(ایچ آراین ڈبلیو)محکمہ اوقاف سندھ کی طرف سے بارش متاثرین کے مزارات و درگاہوں پر عارضی قیام اور رہنمائی کے لئے کنٹرول روم قائم کردیا گیا-چیف ایڈمنسٹریٹر اوقاف سندھ کی طرف سے باقاعدہ سرکلر جاری کر دیا گیا-
صوبائی وزیر برائے اوقاف، مذہبی امور، زکو و عشر سید ریاض حسین شاہ شیرازی کی خصوصی ہدایت پر محکمہ اوقاف سندھ نے حالیہ بارشوں سے متاثرہ افراد کو فوری ریلیف اور مزارات و درگاہوں پر عارضی قیام کی سہولت فراہم کرنے کے لیے ہنگامی کنٹرول روم قائم کر دیا ہے۔چیف ایڈمنسٹریٹر اوقاف سندھ فرخ شہزاد قریشی کی جانب سے جاری سرکلر کے مطابق متعلقہ افسران اور عملے کو ہدایت دی گئی ہے کہ متاثرہ شہریوں کو مزارات پر عارضی رہائش، خوراک اور دیگر بنیادی سہولیات فراہم کی جائیں۔
اس کے ساتھ ہی بارش کے پانی کی نکاسی اور بجلی کی متبادل فراہمی (جنریٹرز و یو پی ایس) کو فعال رکھنے کی بھی سختی سے ہدایات جاری کی گئی ہیں۔بارشوں سے متاثرہ افراد کی رہنمائی کے لیے محکمہ اوقاف کے افسران, جن میں ارشاد علی سمو، شکیل احمد اور غلام محمد شامل ہیں کو فوکل پرسن نامزد کیا گیا ہے۔
متاثرہ افراد درج ذیل نمبرز 03002911288، 0333-2637254، 03053583299 اور 03013616614 پر رابطہ کر کے رہنمائی حاصل کر سکتے ہیں۔
چیف ایڈمنسٹریٹر اوقاف کا اس حوالے سے اپنا موقف دیتے ہوئے کہنا تھا کہ حیدرآباد میں قائم مرکزی کنٹرول روم متاثرہ افراد کو مزارات پر قیام کے ساتھ مکمل تعاون فراہم کرے گا اور تمام مینیجرز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنی متعلقہ ضلعی انتظامیہ کے ساتھ قریبی رابطہ رکھیں تاکہ ریلیف کے اقدامات بروقت اور موثر انداز میں کیئے جا سکیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ حالیہ مون سون بارشوں نے سندھ کے شہری و دیہی علاقوں کو شدید متاثر کیا ہے اور صوبائی وزیر کی خصوصی ہدایت پر یہ کنٹرول روم اسی مقصد کے تحت قائم کیا گیا ہے تاکہ رواں مون سون اسپیل میں بارشوں سے متاثر افراد کو فوری ریلیف اور عارضی قیام فراہم کیا جا سکے۔


