لاہور(ایچ آراین ڈبلیو)یوٹیوبر سعد الرحمان (ڈکی بھائی) کو گزشتہ رات لاہور ایئرپورٹ پر بیرون ملک فرار ہوتے ہوئے گرفتار کیا گیا تھا تاہم اب ملزم کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے۔این سی سی آئی اے نے بتایا کہ ملزم سعد الرحمان (ڈکی بھائی) بیرون ملک فرار ہونے کی کوشش میں پکڑا گیا۔
ایف آئی آر کے متن کے مطابق ملزم پر آن لائن جوا کھیلنے والی ایپس کے ذریعے منی لانڈرنگ کا الزام ہے، اس نے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر جوا کھیلنے والی اپیس کو فروغ دیا، اس پر عوام کو جوا بازی اور غیر قانونی سرمایہ کاری میں ملوث کرنے کا الزام ہے۔
سائبر کرائم ایجنسی کے مطابق ملزم سے موبائل فون، مشکوک واٹس ایپ نمبرز اور ڈیٹا حاصل کر لیا، ملزم سے غیر قانونی ادائیگیوں کے ثبوت بھی برآمد کیے ہیں، معاملے کی تحقیقات جاری ہے جبکہ اس کے اثاثوں کی چھان بین کی جا رہی ہے۔
واضح رہےکہ این سی سی آئی اے نےبتایا تھا کہ ملزم(ڈکی بھائی) کا نام پی این آئی ایل فہرست میں شامل ہے۔اس سے قبل اپریل میں موٹروے پولیس نے ملزم کے خلاف دوران ڈرائیونگ خطرناک اسٹنٹ کرنے اور تیز رفتاری سے گاڑی چلانے کے دو مقدمات دائر کیے تھے۔ملزم پر الزام تھا کہ اس نے اسٹیئرنگ پر پاؤں رکھ کر گاڑی چلائی اور یہ کہ گاڑی 200 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی تھی۔
سعد الرحمان کے خلاف راولپنڈی کے تھانے چکری اور لکسیاں میں دو الگ الگ مقدمات دائر کیے گئے تھے جس کے بعد اس نے گرفتاری سے بچنے کیلیے ضمانت کروالی تھی۔


