کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)ضلع کیماڑی تھانہ سعید آباد کے ایس ایچ او انسپکٹر پرویز سولنگی نے یومِ آزادی کے موقع پر شہریوں کے نام خصوصی پیغام جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہوائی فائرنگ اور موٹر سائیکل کی ون ویلنگ کرنے والوں کے خلاف کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی۔
انسپکٹر پرویز سولنگی کے مطابق 14 اگست کی رات اور دن کے دوران سعید آباد پولیس علاقے میں مختلف مقامات پر ناکے قائم کرے گی تاکہ قانون شکن عناصر پر فوری کارروائی ممکن ہو سکے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ہوائی فائرنگ کے مرتکب افراد کے خلاف اقدامِ قتل کی دفعات کے تحت مقدمات درج کیے جائیں گے جبکہ ون ویلنگ کرنے والوں پر بھی سخت قانونی کارروائی کی جائے گی ۔
ایس ایچ او نے عوام سے اپیل کی کہ ہوائی فائرنگ یا ون ویلنگ کی اطلاع فوراً مددگار 15 پر یا براہِ راست ان کے نمبر03008310528 پر دیں۔ اطلاع دینے والے کا نام اور شناخت مکمل طور پر راز میں رکھی جائے گی اور پولیس فوری کارروائی کرے گی۔
انسپکٹر پرویز سولنگی نے کہا کہ قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں سے سختی سے نمٹا جائے گا۔ 14 اگست خوشی اور جشن کا دن ہے، اسے خطرناک حرکتوں سے برباد کرنے والوں کے لیے قانون بالکل نرم نہیں ہوگا


