کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)جامعہ کراچی کے شعبہ ویژول اسٹڈیز کے طلبہ و طالبات نے حالیہ پاک بھارت جنگ ”معرکہ حق” میں افواجِ پاکستان کی شاندارفتح کےبعد قوم کے ان عظیم محافظوں کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے لیے ایک خصوصی فائن آرٹس نمائش کا انعقاد کیا۔ یہ نمائش جامعہ کراچی کے شعبہ ویژول اسٹڈیز کے گیلری ہال میں منعقد ہوئی، جس میں طلبہ نے اپنے فن پاروں، پینٹنگز، مجسمہ سازی، انسٹالیشن آرٹ اور دیگر تخلیقی اظہار کے ذریعے عسکری خدمات، قربانیوں اور حب الوطنی کے جذبے کو اجاگر کیا۔
نمائش کا عنوان ”معرکہ حق” رکھا گیا، جس میں جامعہ کراچی کے شعبہ ویژول اسٹڈیزسمیت جامعہ کراچی کے مختلف شعبہ جات کے طلباوطالبات کی جانب سے 100 سے زائد فن پارے پیش کیے گئے۔ ہر تخلیق افواج پاکستان کی بہادری، حب الوطنی اور عوامی خدمت کے پہلو کو نہایت تخلیقی اور جذباتی انداز میں بیان کرتی نظر آئی۔
اس موقع پرانچارج شعبہ ویژول اسٹڈیز جامعہ کراچی سیدشمعون حیدرنے کہا کہ یہ فن صرف جمالیاتی حسن کا اظہار نہیں بلکہ ایک قوم کی اجتماعی سوچ اور فکری جہت کا مظہر ہے۔ طلبہ نے نہ صرف فن کے ذریعے اظہار کیا بلکہ یہ ثابت کیا کہ قوم کا ہر فرد، خواہ وہ کسی بھی شعبے سے وابستہ ہو، اپنے محافظوں کے ساتھ کھڑا ہے۔
طلبہ کے فن پاروں میں شہداء کی تصاویر پر مبنی پورٹریٹس، جنگی مناظر کی مصوری، پاک فضائیہ و بحریہ کی سرگرمیوں پر مبنی تخلیقات، اور ایک خصوصی تھری ڈی انسٹالیشن شامل تھی، جس نے حاضرین کو بے حد متاثر کیا۔نمائش میں جامعہ کراچی کے مختلف شعبہ جات کے طلباوطالبات کی کثیر تعدادنے حصہ لیا۔


