40

جامعہ کراچی اورشعبہ کیمیا کے1973ءبیچ کےسابق طلباء کےمابین مفاہمتی یادداشت پر دستخط

کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)جامعہ کراچی اور شعبہ کیمیاء کے سابق طلباء، بیچ 1973 کے مابین ایک مفاہمتی یادداشت (MoU) پر دستخط کی تقریب گزشتہ روز وائس چانسلر سیکریٹریٹ جامعہ کراچی میں منعقد ہوئی، جس کا مقصد شعبہ کی انفرااسٹرکچر کو بہتر بنانا اور طلباء کے لیے اسکالرشپ کے مواقع کو بڑھانا ہے۔مفاہمتی یادداشت پر جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسرڈاکٹر خالد محمودعراقی اور شعبہ کیمیاء کے 1973 بیچ کے ممبران زاہد علی بیگ، سید عابد ممتاز اور ضیاء الرحمان نے دستخط کئے۔

اس موقع پر شعبہ کیمیاء جامعہ کراچی کے اساتذہ، صدرشعبہ ہیلتھ فزیکل ایجوکیشن اینڈ اسپورٹس سائنسز جامعہ کراچی پروفیسر ڈاکٹر باسط انصاری اور سابق طلباء کے گروپ کے دیگرممبران جن میں پروفیسر کامل شیخ، پروفیسر زرار حسین اور دیگر شامل ہیں، بھی موجود تھے۔

بیچ 1973 کے سابق طلباء نے 2023 میں شعبہ کیمیاء کے ساتھ اپنا تعاون شروع کیا تھا اور اب انہوں نے طلباء اور فیکلٹی کے لیے بہتر سہولیات فراہم کرنے اور پہلے سے جاری اسکالرشپس کی تعداد بڑھانے کا منصوبہ بنایا ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ طلباء اس سے مستفید ہو سکیں۔اپنی گولڈن جوبلی (پچاسویں سالگرہ) کے موقع پر اس گروپ نے شعبہ کی لیبارٹریز کو تجزیاتی آلات، کتابیں، کمپیوٹرز اور دیگر برقی آلات عطیہ کئے تھے اور اب انہوں نے ایم فل اور پی ایچ ڈی کے طلباء کو اسکالرشپس فراہم کرنے، عمارت کی واٹر پروفنگ، نئے پانی کے ٹینک کی تعمیر، زیرِ زمین پانی کے اسٹوریج ٹینک کی تعمیر، پرانی سیوریج لائنز کی تبدیلی، لیبارٹریز میں موجود مسائل کا حل، لائبریری کی گنجائش میں اضافہ، اور جدید آلات و مشینری کی فراہمی کا منصوبہ بنایا ہے تاکہ طلباء اور اساتذہ کو جدید سہولیات میسر آ سکیں۔

اس موقع پر جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر خالد محمود عراقی نے سابق طلباء کے اس جذبے کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ واقعی باعثِ فخر ہے کہ ہمارے سابق طلباء آج بھی اپنے شعبہ سے اسی محبت اور وابستگی کے ساتھ جڑے ہوئے ہیں۔ ان کی جانب سے جدید ٹیکنالوجی اور وسائل کی فراہمی سے فیکلٹی اور طلباء کو بے حد فائدہ ہوگا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں