47

کراچی میں 2ہوٹلوں پر فائرنگ،4افراد قتل،3زخمی

کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)شہر قائد میں 2ہوٹلوں پر فائرنگ کے واقعات میں 4افراد کو قتل کردیا گیا،3افراد زخمی ہوگئے۔تفصیلات کے مطابق گلستان جوہر پہلوان گوٹھ کے قریب ہوٹل پر فائرنگ کے واقعے میں 2 افراد جاں بحق جبکہ 3 زخمی ہوگئے۔

پولیس کی ابتدائی تفتیش کے مطابق ایک کار اور دو موٹر سائیکلوں پر سوار ملزمان نے سڑک کنارے بیٹھے افراد پر فائرنگ کی، جائے وقوعہ سے ایک میگزین اور گولیوں کے 10 سے زائد خول ملے ہیں۔

پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی مختلف پہلوﺅں سے تحقیقات جاری ہے۔فائرنگ کے نتیجے میں پانچ افراد زخمی ہوئے تھے جن میں سے دو اسپتال پہنچنے سے قبل دم توڑ گئے جبکہ تین کو نیشنل اسٹیڈیم کے قریب واقع نجی اسپتال منتقل کیا گیا۔

فائرنگ میں جاں بحق ہونے والوں کی شناخت سید مظہر اور علی وارث کے ناموں سے ہوئی جبکہ زخمیوں میں حبیب ،محمد علی ِ،علی حسن ،مظہر ،میثم ،علی وارث شامل ہیں۔ مشتعل افراد نے واقعے کیخلاف شدید احتجاج کیا اور آگ جلا کر سڑک کو بلاک جبکہ اطراف کی دکانوں کو بند کروایا۔پولیس نے مظاہرین سے مذاکرات کر کے انہیں منتشر کردیا،تاہم علاقے میں کشیدگی پائی جاتی ہے۔

مجلس وحدت المسلمین کے ترجمان نے مغل ہزارہ گوٹھ فائرنگ کے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ واقعے میں عالم دین مولانا رجب علی بنگش کے صاحب زادے کو ٹارگٹ کلنگ کا نشانہ بنایا گیا ہے۔ایم ڈبلیو ایم نے مطالبہ کیا کہ واقعے میں ملوث ملزمان کی فوری گرفتاری کیا جائے۔

قبل ازیںبلدیہ ٹاﺅن کے علاقے گلشن مزدور میں بھی چائے کے ہوٹل پر نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے 2 افراد جاں بحق ہوگئے ۔عینی شاہد اور ہوٹل کے مالک کا کہنا ہے کہ واقعہ ڈکیتی کی واردات کے دوران پیش آیا ،ملزمان مقتولین کا موبائل فون اور نقدی چھین کر لے گئے ۔

پولیس کا دعویٰ ہے کہ واقعہ ذاتی دشمنی کا شاخسانہ ہے ۔ جاں بحق افراد کا چند روز قبل جھگڑا بھی ہوا تھا ۔ واقعے کے حوالے سے مزید تحقیقات کی جارہی ہیں ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں