اسلام آباد(ایچ آراین ڈبلیو)وزیراعظم شہباز شریف کی خصوصی ہدایت پر پاکستان سے غز، ہ کے لیے مزید امدادی سامان روانہ کر دیا گیا۔نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے)کے مطابق مجموعی طور پر 200 ٹن امدادی سامان 2 خصوصی پروازوں کے ذریعے بھیجا جا رہا ہے۔
ترجمان کے مطابق اس سلسلے میں اسلام آباد سے 100 ٹن امدادی سامان پر مشتمل 17ویں کھیپ روانہ کی گئی جس میں 65 ٹن تیار کھانا، 20 ٹن خشک دودھ، 5 ٹن بسکٹ اور 10 ٹن ادویات شامل ہیں۔ترجمان این ڈی ایم اے نے بتایا کہ غز، ہ کےلیے مزید 100 ٹن امدادی سامان آئندہ چند دنوں میں روانہ کیا جائے گا۔
اب تک پاکستان کی جانب سے غز، ہ کے عوام کے لیے بھیجی گئی مجموعی امداد کا وزن ایک ہزار 715 ٹن ہو چکا ہے جو اگلی پرواز کی روانگی کے بعد ایک ہزار 815 ٹن تک پہنچ جائے گا۔امدادی سامان کی روانگی کے موقع پر اسلام آباد میں منعقدہ تقریب میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور چیئرمین این ڈی ایم اے نے شرکت کی۔ تقریب میں وزارت خارجہ اور این ڈی ایم اے کے اعلیٰ افسران سمیت الخدمت فاؤنڈیشن کے نمائندے بھی شریک ہوئے۔


