کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)جامعہ کراچی کےشعبہ فوڈ سائنس اینڈ ٹیکنالوجی اورسماپرائیوٹ لمیٹڈ کےمابین مفاہمتی یادداشت پر دستخط کی تقریب بدھ کے روز وائس چانسلر سیکریٹریٹ جامعہ کراچی میں منعقد ہوئی۔ جس کا مقصد پاکستان بھر میں عوامی صحت کے شعور کے لیے ذمہ دارانہ غذائی طریقوں، حفظانِ صحت، اور پائیدار پیکیجنگ و پراسیسنگ سے متعلق آگاہی کو فروغ دینا اور عوامی مہم کے ذریعے فوڈ سیفٹی اور صحت سے متعلق آگاہیکو پائیدار پیکیجنگ اور پراسیسنگ سسٹمز کے ذریعے عملی شکل دینا ہے۔مفاہمتی یادداشت پر جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسرڈاکٹر خالد محمودعراقی سماپرائیوٹ لمیٹڈ کراچی کے چیف ایگزیکیٹوآفیسرشہزادعمر نے دستخط کئے۔
تقریب میں رئیس کلیہ علوم پروفیسرڈاکٹر مسرت جہاں یوسف،ڈائریکٹر ہیلتھ فزیکل ایجوکیشن اینڈ اسپورٹس سائنسز پروفیسرڈاکٹر باسط انصاری،کراچی یونیورسٹی میڈیکل سینٹر کے ڈاکٹر اکمل وحید، شعبہ فوڈ سائنس اینڈ ٹیکنالوجی جامعہ کراچی کے چیئرمین پروفیسرڈاکٹر عبدالحق وشعبہ کی فیکلٹی،آفس آف ریسرچ اینوویشن اینڈ کمرشلائزیشن جامعہ کراچی کی ڈائٹریکٹرڈاکٹر سیدہ حورالعین اور ان کی ٹیم بھی موجودتھی۔
مفاہمتی یادداشت کے مطابق سما پرائیویٹ لمیٹڈ پاکستان کے مینوفیکچرنگ سیکٹر (جیسے فارماسیوٹیکل، نیوٹراسیوٹیکل، سنیکس، مشروبات اور دیگر ایف ایم سی جی کمپنیوں) میں پائیدار پیکیجنگ کے بڑھتے ہوئے رحجانات اور فوڈ سیفٹی پر مبنی مواد تیار کرے گا۔سما تمام بصری و تخلیقی مواد ڈیزائن کرے گا جوشعبہ فوڈسائنس اینڈ ٹیکنالوجی اور سما کی طرف سے فراہم کردہ مواد پر مبنی ہوگا۔
اس موقع پر جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسرڈاکٹر خالد محمودعراقی نے کہا کہ مجھے خوشی ہے کہ ہم صنعت کے ساتھ مل کر طلباء کو عملی دنیا کے لئے تیار کر رہے ہیں۔ یہ شراکت داری نہ صرف ہمارے ادارے کے لیے بلکہ ملکی معیشت کے لیے بھی اہم سنگ میل ثابت ہوگی۔اکیڈیمیا کے ساتھ اشتراک سے ہمیں وہ ٹیلنٹ ملے گا جو ہماری ضروریات کو سمجھتا ہے۔ ہم تحقیق و ترقی میں سرمایہ کاری جاری رکھیں گے تاکہ پاکستان عالمی سطح پر مسابقتی بن سکے۔یہ اشتراک تعلیم، صنعت، اور ٹیکنالوجی کے میدان میں نئے مواقع پیدا کرے گا اور ملکی ترقی کے لیے ایک پائیدار ماڈل فراہم کرے گا۔
سماپرائیوٹ لمیٹڈ کراچی کے چیف ایگزیکیٹوآفیسرشہزادعمرنے بتایاکہ مذکورہ معاہدہ انڈسٹریزاور اکیڈیمیاء کے اشتراک کی ایک جیتی جاگتی مثال بھی ہے۔گرافک ڈیزائن، میڈیا پروڈکشن اور پرنٹنگ کے تمام اخراجات سما 100% برداشت کرے گا۔سما اس مہم کا مواد اپنے نیٹ ورکس اور پلیٹ فارمز کے ذریعے پھیلائے گا۔
شعبہ فوڈسائنس اینڈ ٹیکنالوجی کے چیئرمین پروفیسرڈاکٹر عبدالحق نے کہا کہ شعبہ فوڈسائنس جامعہ کراچی فوڈ سیفٹی، حفظانِ صحت اور غذائیت سے متعلق سائنسی طور پر تصدیق شدہ مواد فراہم کرے گا۔تمام مہماتی مواد کی اشاعت سے پہلے جانچ اور منظوری دے گا۔مہم میں تعلیمی اور سائنسی اختیار کی نمائندگی کرے گا۔یہ شراکت داری پاکستان میں محفوظ اور پائیدار غذائی نظام کی طرف ایک مثبت قدم ہے جو عوامی صحت کے فروغ میں اہم کردار ادا کرے گی۔


