حب(ایچ آراین ڈبلیو)بینک سے رقم لے جانے والے شہری پر ڈاکوؤں کا حملہ، جوابی فائرنگ میں تین ڈاکو ہلاک ہوگئے-بلوچستان کے صنعتی شہر حب میں بینک سے رقم نکال کر واپس جانے والے شہری پر مسلح افراد نے حملہ کر دیا، جس کے نتیجے میں فائرنگ کے تبادلے میں تین ڈاکو ہلاک اور ایک شہری زخمی ہو گیا۔
مقامی ذرائع کے مطابق واقعہ حب کے علاقے جام کالونی کے قریب پیش آیا جہاں غلام حسین مگسی نامی شہری بینک سے رقم لے کر واپس جا رہا تھا کہ موٹر سائیکل پر سوار مسلح ڈاکوؤں نے اسے روک کر لوٹنے کی کوشش کی۔
مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈاکوؤں کی فائرنگ پر مزاحمت کرتے ہوئے شہری غلام حسین نے ڈاکوؤں پر گولیاں چلائیں۔ فائرنگ کے تبادلے میں تین ڈاکو موقع پر ہی ہلاک ہو گئے جبکہ دو حملہ آور فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔
علاقہ مکینوں نے فائرنگ کی آواز سن کر فوری طور پر مداخلت کی اور پولیس کو اطلاع دی۔ غلام حسین کو زخمی حالت میں مقامی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جہاں اس کی حالت خطرے سے باہر بتائی جا رہی ہے۔
حب پولیس ذرائع کے مطابق ہلاک ہونے والے ڈاکوؤں کی شناخت اور مجرمانہ ریکارڈ سے متعلق تحقیقات جاری ہیں، جبکہ فرار ہونے والے افراد کی تلاش کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔
واقعے نے ایک بار پھر شہری علاقوں میں بڑھتے ہوئے جرائم اور اس کے تدارک کے لیے سیکیورٹی اقدامات کی مؤثریت پر سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔


