کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)چیئرمین کورنگی ٹاؤن محمد نعیم شیخ کی زیر قیادت آج یوم تکبیر کے موقع پر کورنگی ٹاؤن آفس سے ایک شاندار ریلی نکالی گئی۔
ریلی میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ون) بابر خان نظامانی، صدر پی ایس 125 کوثر عابدی، صدر پی ایس 124 ڈاکٹر طاہر، چیئرمین یوسی 11 مرتضٰی میمن، یوسی وائس چیئرمین سلیم شیخ، ایم سی کورنگی ٹاؤن غلام فرید، عظمی کامران، ٹاوُن کونسلر امتیاز چیمہ اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے شہریوں، سیاسی و سماجی کارکنان اور کورنگی ٹاؤن کے ملازمین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
اس موقع پر چیئرمین کورنگی ٹاؤن محمد نعیم شیخ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ” 28 مئی 1998 کا دن ہماری تاریخ کا ایک روشن باب ہے۔ اس دن پاکستان نے ایٹمی قوت بن کر اپنی دفاعی صلاحیت کو ناقابل تسخیر بنایا اور عالمی سطح پر اپنی پوزیشن کو مزید مستحکم کیا۔”
انہوں نے مزید کہا کہ یوم تکبیر ہمیں اپنے شہداء اور غازیوں کی قربانیوں کی یاد دلاتا ہے جنہوں نے وطن عزیز کی سالمیت اور خودمختاری کے لیے بے مثال جدوجہد کی۔
ریلی کے شرکاء نے پاکستان زندہ باد، یوم تکبیر زندہ باد اور دفاع پاکستان کے حق میں نعرے لگائے۔


