لاہور(ایچ آراین ڈبلیو)یومِ تکبیر کے پُر وقار و پرجوش اور پُر مسرت موقع پر سربراہ تحریک لبیک پاکستان نے اپنے خصوصی پیغام میں کہا کہ یہ وہ عظیم دن ہے جو ہمیشہ بطور پاکستان کی فتح کے دن کے طور پر منایا جاتا رہے گا ، اس دن پاکستان امتِ مسلمہ کی پہلی ایٹمی طاقت بن کر ابھرا جس پر ساری امت مسلمہ نے جوش و جذبے کا اظہار کیا۔ یقیناً یہ دن ایمانی غیرت، ناقابل تسخیر اسلامی مزاحمت، اور ملتِ اسلامیہ کے دفاع کی علامت ہے۔ یومِ تکبیر قومی وقار اور امتِ مسلمہ کی قوت کا دن ہے جس نے پاکستان کو ناقابلِ تسخیر بنادیا، یومِ تکبیر ہمیں یاد دلاتا ہے کہ پاکستان کی بنیاد دو قومی نظریہ پر قائم ہے اس کی بنیاد صرف سیاسی نہیں، بلکہ روحانی ہے۔ یہ کلمہ طیبہ کی بنیاد پر قائم ہوا۔ یہ دن اُس تکبیر کی گونج ہے جو ایمان وایقان ، سنت خیر الانام اور قربانی و استقامت سے تعبیر ہے۔ جب پاکستان نے ایٹمی دھماکے کیے، تو یہ محض سائنسی کامیابی نہیں تھی، بلکہ کفار کو کھلا پیغام تھا کہ یہ امت کمزور نہیں، بلکہ ناقابل تسخیر ہے اور یہ قوم ‘لا إله إلا الله’ پر قائم ہے اور رہے گی۔ سربراہ تحریکِ لبیک پاکستان نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان کی ایٹمی قوت ایک امانت اور ذمہ داری ہے، جو اسلام، وطنِ عزیز، اور دنیا بھر کے مظلوم مسلمانوں کے دفاع کے لیے ہے۔ انہوں نے ان عناصر کی شدید مذمت کی جو غیروں کے ایجنڈے کے تحت قومی خودمختاری کو کمزور کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے محسن پاکستان ڈاکٹر عبدالقدیر خان (رحمہ اللہ ) کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر عبدالقدیر خان صرف سائنسدان نہیں، عالم اسلام کے ایک مجاہد اور محسن پاکستان تھے۔ انہوں نے جس اخلاص، قربانی اور جذبے سے پاکستان کو ایٹمی قوت بنایا، وہ رہتی دنیا تک یاد رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ یومِ تکبیر نوجوان نسل کے لیے ایک پیغام ہے کہ وہ اپنے نظریے، ایمان اور قومی تشخص سے جڑے رہیں۔ حافظ سعد حسین رضوی نے ثقافتی یلغار کے خطرے سے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ دینی اور نظریاتی تعلیم کو مضبوط کیا جائے۔ ہماری اصل طاقت صرف اسلحہ نہیں، بلکہ ایمان،عقیدے کی قوت، رسول اللہ ﷺ سے سچی محبت اور اتحاد و تنظیم ہے۔ یہی تحریک لبیک پاکستان کا پیغام ہے۔ حافظ سعد حسین رضوی نے حکومت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ آئیں اپنا فرض نبھائیں اور عالم کفر اور خصوصاً اسرائیل کو اس دن ایک سخت پیغام دیں کہ اگر دنیا میں امن چاہتے ہو تو مسلمانوں پر ہونے والے ظلم و ستم بند کرنے ہونگے بیت المقدس کو آزاد کرنا ہوگا فلسطین کو ایک آزاد ریاست کے طور تسلیم کرنا ہوگا اگر مزید قتل و غارت گری جاری رکھی گئی تو ہم اس کا جواب دینا جانتے ہیں، مسلمان دوسرے مسلمان کا بھائی ہے اور مسلمان بھائی کبھی بھی مشکل میں کسی دوسرے مسلمان بھائی کو اکیلا نہیں چھوڑتا بلکہ اس کا ساتھ دیتا ہے چاہے اسے کسی بھی قسم کی قربانی ہی کیوں نا دینی پڑے۔ آخر میں سربراہ تحریکِ لبیک پاکستان نے حکومت، میڈیا اور تمام اداروں سے مطالبہ کیا کہ وہ یومِ تکبیر کے پیغام کو فخریہ انداز میں عام کریں اور پاکستان کو ایک باوقار، خودمختار، اور نظریاتی مملکت بنانے میں اپنا کردار ادا کریں۔ آئیں مل کر اس تاریخی دن کی روح کو اجاگر کریں اور قوم کو اس کی اصل اہمیت سے آگاہ کریں۔


