سرسید یونیورسٹی کےچانسلراکبرعلی خان کاقومی ہیروڈاکٹرعبدالقدیرخان کوخراج عقیدت

کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)سرسید یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کے چانسلر اکبر علی خان نے یومِ تکبیر کے موقع پر قوم کو مبارکباد دی اور پاکستان کے ایٹمی پروگرام کے معمار، ڈاکٹر عبدالقدیر خان کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ 28 مئی کا دن پاکستان کی تاریخ میں ایک اہم سنگِ میل کی حیثیت رکھتا ہے، جب ملک نے اپنی دفاعی صلاحیتوں کو ناقابلِ تسخیر بنا کر دشمن کو واضح پیغام دیا کہ وطن کے دفاع پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے-

انہوں نے مزید کہا کہ “پاکستان کے دفاع کو ناقابلِ تسخیر بنانے میں ہمارے سائنسدانوں اور انجینئرز کا کلیدی کردارہے۔ اس تاریخی دن پر ہمیں اس بات کا عہد کرنا چاہیے کہ ہم جدید سائنس، ٹیکنالوجی، اور انجینئرنگ کے شعبے میں آگے بڑھیں اور ملک کو مزید مضبوط بنا کر ترقی کی راہ پر گامزن کریں-

انہوں نے طلبہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ “جدید تحقیق، سائنس اور انجینئرنگ میں مہارت حاصل کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے، تاکہ پاکستان دنیا میں ایک علمی اور تکنیکی طاقت بن سکے-

انہوں نےڈاکٹر عبدالقدیر خان کی خدمات کو خراج عقیدت یش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اپنی قابلیت اور خلوص سے پاکستان کو ایک ناقابلِ شکست دفاعی نظام فراہم کیا۔ وہ ہمیشہ پاکستان کے دفاع کے ضامن اور قوم کے ہیرو رہیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں