کراچی (ایچ آراین ڈبلیو) نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے کے الیکٹرک کے لیے مالی سال 2023 سے 2030 تک کے لیے 7 سالہ ملٹی ایئر ٹیرف (ایم ای ٹی) کی منظوری دے دی ہے۔ اس منصوبے کے تحت سال 2024-25 کے لیے ڈسٹری بیوشن نظام سے 50.284 ارب روپے آمدنی کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
نیپرا کی جانب سے منظور کردہ منصوبے کے مطابق، ملٹی ایئر ٹیرف کے تحت فی یونٹ بجلی کی قیمت میں اوسطاً 3.31 روپے کا اضافہ ہوگا۔ مزید برآں، کے الیکٹرک کو 43.447 ارب روپے کے ”یوز آف سسٹم چارجز“ سے ریونیو حاصل کرنے کی اجازت بھی دے دی گئی ہے۔ نیپرا کے مطابق ان چارجز کا اثر فی یونٹ تقریباً 3.30 روپے ہوگا۔
تاہم، نیپرا نے وضاحت کی ہے کہ موجودہ فیصلے کا صارفین کے بجلی بلوں پر براہِ راست کوئی اثر نہیں پڑے گا کیونکہ ملک بھر میں یکساں ٹیرف پالیسی کے تحت صارفین سے وصولیاں جاری رہیں گی۔


