50

ٹرانسپورٹرز کے نقصانات کے ازالے کے لئے کمیٹی قائم کر دی ہے، شرجیل میمن

کراچی (ایچ آراین ڈبلیو) کمشنر کراچی آفس میں سندھ کے سینئر وزیر اور صوبائی وزیر برائے اطلاعات، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن کی زیر صدارت ٹرانسپورٹرز کے ساتھ اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں چیف سیکریٹری سندھ سید آصف حیدر شہ، سیکریٹری ٹرانسپورٹ اسد ضامن، کمشنر کراچی حسن نقوی اور دیگر نے شرکت کی۔

اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شرجیل انعام میمن نے کہا کہ حالیہ پرتشدد واقعات میں ٹرانسپورٹروں کو بھاری مالی نقصان ہوا ہے، جس کے ازالے کے لیے ایک کمیٹی قائم کر دی گئی ہے جو دس دن میں اپنی سفارشات پیش کرے گی۔

شرجیل انعام میمن نے کہا کہ ٹرانسپورٹ ایک اہم محکمہ ہے اور حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ ٹرانسپورٹرز کے مسائل حل کرے۔ اُن کا کہنا تھا کہ گاڑیوں کو جلانا کسی مسئلے کا حل نہیں بلکہ ایک سنگین جرم ہے۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ ٹرانسپورٹروں کے چار ڈرائیورز جاں بحق ہوئے ہیں، اور کسی کی جان لینا گویا ایک پورے خاندان کو سزا دینے کے مترادف ہے۔

شرجیل انعام میمن نے کہا کہ یہ سب دہشتگردی کے زمرے میں آتا ہے، اور جن افراد نے گاڑیوں کو نذر آتش کیا اُن کے خلاف دہشتگردی کی دفعات کے تحت مقدمات حکومت خود درج کرائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ سی سی ٹی وی فوٹیجز کے ذریعے ان عناصر کی شناخت کی جا رہی ہے جنہوں نے گاڑیوں کو جلایا اور ڈرائیورز کو شہید کیا۔

انہوں نے واضح الفاظ میں کہا کہ روڈ بلاک کرنا اور بدمعاشی کی اجازت کسی کو نہیں دی جائے گی۔ شرجیل انعام میمن نے زور دے کر کہا کہ جو عناصر عوام کو نقصان پہنچا رہے ہیں وہ ملک دوست نہیں بلکہ دہشتگرد ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں