62

گرمی کے ستائے بھارتی خاندان نے اے ٹی ایم پر ڈیرے ڈال دئیے

جھانسی (ایچ آراین ڈبلیو) بھارت کے شہر اترپردیش میں ایک عجیب واقعہ پیش آیا جب گرمی اور بجلی کی لوڈشیڈنگ کے ستائے ہوئے ایک خاندان نے اے سی لگے ہوئے ٹھنڈے اے ٹی ایم بوتھ میں ڈیرے ڈال لیے۔

جھانسی شہر کی سڑکوں پر چلنے والی لو اتنی تیز ہے کہ سانس لینا بھی مشکل ہوجاتا ہے، اس پر مستزاد شہر میں بجلی کی طویل ترین لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے، ایسے میں جب ایک خاندان کے پاس نہ گھر میں بجلی تھی، نہ پنکھے چلنے کی امید، تو انہوں نے اے ٹی ایم بوتھ پر ہی قبضہ کرلیا۔

یہ منظر اترپردیش کے شہر جھانسی کا ہے جہاں درجہ حرارت 45 ڈگری کو چھو رہا ہے۔ گرمی کے ساتھ ساتھ بجلی کی طویل دورانیے کی لوڈ شیڈنگ نے شہریوں کی زندگی اجیرن بنا دی ہے۔ ایک ماہ سے جاری بجلی کے مسائل نے ایک غریب خاندان کو مجبور کر دیا کہ وہ اے ٹی ایم بوتھ کو اپنا عارضی گھر بنا لیں۔

سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں خواتین اور بچوں کو اے ٹی ایم بوتھ کے اندر بیٹھے دیکھا جاسکتا ہے۔ خاندان کی ایک خاتون نے بتایا کہ ’’نہ دن میں بجلی آتی ہے، نہ رات میں۔ ہمیں صبح کام پر بھی جانا پڑتا ہے، ورنہ بچوں کو کھانا کیسے کھلائیں؟ ایک ماہ سے یہی حال ہے، اس لیے ہم پورا خاندان یہاں آگئے۔‘‘

اپنا تبصرہ بھیجیں