10

دکاندار اور تاجر برادری ایف بی آر کے ٹیکس نیٹ میں رجسٹر ہوں، چیئرمین زبیر احمد گھنگرا کی اپیل

حیدرآباد (ایچ آراین ڈبلیو) حیدرآباد سائٹ ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری کے چیئرمین زبیر احمد گھانگراصاحب ،سینئر وائس چیئرمین جناب عامر شہاب صاحب اور وائس چیئرمین ایسر کمار صاحب نے دکاندارتاجروں اور کاروباری حضرات سے اپیل کی ہے کہ وہ ایف بی آر کی نئی ٹیکس پالیسی 2026 کے تحت خود کو ٹیکس نیٹ میں رجسٹر کروائیں اور اپنے کاروباری معاملات کو قانونی اور دستاویزی نظام کا حصہ بنائیں۔انہوں نے کہا کہ آج کے دور میں کاروبار کو منظم انداز میں چلانے کے لیے ضروری ہے کہ تاجر اپنے ٹیکس اور کاروباری معاملات کو شفاف رکھیں۔ ایف بی آر کی جانب سے کی جانے والی ڈیجیٹل اصلاحات کا مقصد ٹیکس وصولی کے نظام کو بہتر بنانا، ریکارڈ کو منظم کرنا اور ملکی معیشت کو مضبوط کرنا ہے۔ اس لیے تاجر برادری کو چاہیے کہ وہ پرانے طریقوں اور غیر قانونی مشوروں پر انحصار کرنے کے بجائے قانون کے مطابق اپنے معاملات مکمل کرے۔زبیر احمد گھنگرا نے کہا کہ کاروباری حضرات اپنے کاروبار کے لیے سامان حتیٰ الامکان رجسٹرڈ کمپنیوں اور رجسٹرڈ افراد سے خریدیں تاکہ خرید و فروخت کا باقاعدہ ریکارڈ موجود ہو اور کاروباری معاملات میں شفافیت پیدا ہو۔انہوں نے کہا کہ نئی پالیسی کے تحت سالانہ 20 کروڑ روپے تک کاروباری ٹرن اوور رکھنے والے افراد مقررہ طریقہ کار کے تحت ٹیکس نیٹ میں شامل ہو سکتے ہیں، جبکہ کم ٹرن اوور رکھنے والے تاجروں کے لیے بھی مقررہ رقم کے عوض رجسٹریشن کی سہولت موجود ہے۔چیئرمین صاحب نے کہا کہ ٹیکس نیٹ میں آنے سے تاجروں کو اپنے کاروبار کا ریکارڈ بہتر رکھنے، رجسٹرڈ اداروں کے ساتھ کاروباری معاملات کرنے اور مختلف قانونی و کاروباری سہولیات سے فائدہ اٹھانے میں آسانی ہوگی۔یہ رجسٹریشن ایک دفعہ 25 ہزار روپے ادا کرنے کے عوض حاصل کی جا سکتی ہے جس کے فوائد یہ ہیں کہ
1 ۔ تاجر کو عام معمول کے انکم ٹیکس اڈٹ سے تحفظ ملتا ہے جو کہ تاجر کیلے ایک سکون کا ذریعہ بنتا ہے۔
2۔ اس سکیم کے تحت دکاندار کو ڈیجیٹل انوائسنگ سسٹم لگانے کی ضرورت بھی نہیں ہوگی۔
3 ۔جو دکاندار اسکیم میں رجسٹر ہوگا اسے گرین پلیٹ دی جائے گی اس پلیٹ کو دکان پر نمایا جگہ پر لگانا ہوگا گرین پلیٹ دکان پر نمایا طور پر لگی ہوئی ہو تو ایف بی آر افسران کو ٹیکس معاملات کے لیے دکان میں داخل ہونے کی اجازت نہیں ہوگی یعنی یہ دکاندار کے لیے ایک طرح کا قانونی تحفظ فراہم کرنے کے لیے ہے۔انہوں نے کہا کہ ایک دستاویزی اور قانونی کاروبار نہ صرف تاجر کے لیے اعتماد پیدا کرتا ہے بلکہ ملکی معیشت کو مضبوط بنانے میں بھی اہم کردار ادا کرتا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں