15

گورنر ہاشمی نے سرسید یونیورسٹی میں جدید ترین آرٹیفیشل انٹیلیجنس لیب کا افتتاح کیا

کراچی (ایچ آراین ڈبلیو)- گورنر سندھ، سید محمد نہال ہاشمی نے سرسید یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کا دورہ کیا اورآرٹیفیشل انٹیلیجنس لیبارٹری کا افتتاح کیا جو طلباء کے لیے تحقیق، اور اے آئی کی تعلیم کو فروغ دینے میں ایک اہم سنگِ میل ثابت ہوگی۔اس موقع پر شعبہ اپلائیڈ اینڈ ایمرجنگ سائنسز کے چیئرپرسن ڈاکٹر محمد عمران سلیم نے گورنر سندھ کو لیب کے مقاصد، مستقبل کی سہولیات اور امکانات کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔

گورنر نہال ہاشمی نے کہا کہ ذاکر علی خان فاؤنڈیشن کے تعاون سے قائم کی گئی اے آئی لیب طلباء کے لیے تحقیق، اختراعات اور اے آئی کی تعلیم کو فروغ دینے میں ایک اہم پیش رفت کی نشاندہی کرتی ہے۔ انہوں نے اسے ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز کے ساتھ اگلی نسل کو بااختیار بنانے اور انہیں مستقبل کے چیلنجوں کے لیے تیار کرنے کے لیے ایک اہم قدم قرار دیا۔۔

سرسیدیونیورسٹی کے چانسلر محمد اکبر علی خان نے کہا کہ اے آئی لیب، طلباء اور محققین کو جدید ٹیکنالوجی اور وسائل تک رسائی فراہم کرے گی جس کی وجہ سے باہمی تعاون اور تخلیقی صلاحیتوں کو فروغ ملے گا۔یہ سہولت جدید کمپیوٹنگ پاور، مشین لرننگ ٹولز اور مشترکہ ورک اسپیس کی فراہمی پر مشتمل ہے جو عملی تحقیق اور تخلیقی منصوبوں پر کام کرنے میں معاون ثابت ہوتے ہیں۔

ڈاکٹر عمران سلیم کا کہنا تھات کہ آرٹیفیشل انٹیلیجنس لیب، تعلیمی اداروں، صنعت اور حکومت کے درمیان باہمی تعاون کو فروغ دے گی اور پیچیدہ سماجی چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے اس کی متنوع مہارتوں سے بھرپور فائدہ اٹھایا جاسکتاہے۔یہ لیب مشین لرننگ، نیچرل لینگویج کی پروسیسنگ، اور کمپیوٹر ویژن کے لیے الگورتھم تیار کرنے پر توجہ دے گی، جبکہ بڑے ڈیٹا سیٹس کا تجزیہ کرکے فیصلہ سازی کی درستگی اور استعداد کو بہتر بنائے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ لیب کے تعاون سے معیار زندگی، معاشی ترقی اور سماجی بہبود میں خاطر خواہ بہتری کے روشن امکانات ہیں اور اس کے ساتھ ساتھ تعلیمی تجربات کو بھی تقویت ملتی رہے گی۔ اے آئی کے شعبے میں طلباء کو کامیاب کیریئر بنانے کے لیے یہ لیب ایک فعال اور موثر کردار ادا کرسکتی ہے۔ مزید برآں، آرٹیفیشل انٹیلیجنس لیب، طلباء اور فیکلٹی کو ان کی تحقیق کی بنیاد پر اسٹارٹ اپ آئیڈیازکو تیار کرنے میں مدد دے کر انٹرپرینیورشپ کو فروغ دے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں