کراچی (ایچ آراین ڈبلیو) ایم کیو ایم پاکستان کے سینئر مرکزی رہنما سید مصطفیٰ کمال نے بہادرآباد پر جشنِ آزادی کی تقاریب کے باقاعدہ آغاز کا اعلان کرتے ہوئے مصطفیٰ کمال نے کہا کہ پاکستان کی تعمیر اور موجودہ حالات اس بات کا تقاضا کرتے ہیں کہ بانیانِ پاکستان اور قائد اعظم محمد علی جناح کے خوابوں کو تعبیر دی جائے۔ عام انسان کو اس کی دہلیز پر بااختیار بنانا ہی حقیقی آزادی ہے۔ موجودہ ملکی حالات میں جہاں چیلنجز ہیں، وہیں آگے بڑھنے کے مواقع بھی موجود ہیں۔ ایم کیو ایم پاکستان اس ملک اور اس کے عوام کی خوشحالی کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔
سید مصطفیٰ کمال نے تمام ہم وطنوں اور کارکنان کو ماہِ آزادی کی پیشگی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یکم اگست سے 14 اگست تک سندھ سمیت پورے پاکستان کے تمام زونز اور ڈسٹرکٹس میں جشنِ آزادی کی شاندار اور تاریخی تقاریب منعقد کی جائیں گی۔ تمام ذمہ داران اور کارکنان جشنِ آزادی کے موقع پر اپنے اپنے علاقوں، ٹاؤنز اور یونٹس میں عوام کے ساتھ روابط مضبوط کریں اور جشنِ آزادی کی تقاریب کو سوشل میڈیا کے ذریعے بھرپور انداز میں اجاگر کریں۔
اس موقع پر سینئیر مرکزی رہنماء انیس قائم خانی، انچارج سی او سی فرقان اطیب، مرکزی رہنماء شاکر علی، نیک محمد کے علاؤہ اراکین سی او سی، مرکزی شعبہ جات کے ذمہ داران اور اراکینِ قومی و صوبائی اسمبلی کی بڑی تعداد موجود تھی۔


