5

عراق پر امریکی و سعودی افواج کی جارحانہ کاروائی کی شدید مذمت کرتے ہیں، کاظم عباس

کراچی (ایچ آراین ڈبلیو) جامع مسجد خوجہ اثنا عشری کھارادر پر مرکزی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین کراچی ڈویژن کے صدر کاظم عباس نے کہا کہ عراق میں موجود مقدس شہر کربلا معلی میں زائرین پر امریکہ و سعودی حملوں کی مذمت کرتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ‏سعودی عرب کا عراق پر بلا جواز حملہ در اصل امریکی سازش کا حصہ ہے۔انہوں نے کہا امریکہ سعودی عرب کو اسلامی ممالک کے خلاف اپنی جنگ میں گھسیٹنے میں کامیاب ہو گیا ہے۔ مجلس وحدت مسلمین کراچی ڈویژن کی جانب سے شہر بھر میں نماز جمعہ کے بعد عراق کے مقدس شہر کربلا پر امریکی و سعودی بمباری، زائرین کی شہادتوں اور امریکہ کی جانب سے اسلام آباد معاہدے کی خلاف ورزی کرکے پاکستان کے اعتماد کو ٹھیس پہنچانے کے خلاف احتجاجی مظاہروں کا انعقاد کیا گیا۔ ضلع وسطی میں جامع مسجد میں احتجاجی مظاہرے سے خطاب میں صوبائی صدر ایم ڈبلیو ایم علامہ حیات عباس نجفی نے کہا کہ سعودی عرب کی جانب سے تیل کی تنصیبات کو نشانہ بنانے کا دعوی کیا گیا جس کی عراق کی جانب سے تردید کی گئی جبکہ سعودی عرب نے امریکہ کے ساتھ مل کر بغیر کسی ثبوت اور شواہد کے عراق کے مقدس شہر کربلائے معلی پر ایسے وقت میں بمباری کی جب دنیا بھر سے کروڑوں مسلمان نواسہ رسول اکرم حضرت امام حسین علیہ السلام کے چہلم کی مناسبت سے جمع ہیں۔ امریکی و سعودی بمباری میں زائرین سمیت عراقی شہری شہید ہوئے ہیں۔اس واقع کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔ صوبائی جنرل سیکریٹری ایم ڈبلیو ایم علامہ مبشر حسن نے خطاب میں کہا کہ آل سعود حکومت انتہائی بھیانک اور غلط راستہ کا انتخاب کر رہی ہے جس کے بعد خطے میں مزید بد امنی پھیلے گی اور ان اقدامات سے اسرائیل کو تحفظ فراہم ہو گا۔ انہوں نے کہا ‏فلسطینی مزاحمت عالمی استعمار کے شکنجہ میں ہے لیکن سعودی عرب اور دیگر مسلمان ممالک امریکہ اور اسرائیل سے دوستی نبھا رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکہ اور اسرائیل چاہتے ہیں کہ عرب اور اسلامی ممالک کو آپس کی اندرونی جنگوں کے ذریعے تباہ کیا جائے۔ چند عرب ممالک اس بدنیتی پر مبنی اسکیم میں امریکہ کی مدد کر رہے ہے تاکہ اسرائیل خطے کی واحد طاقتور ریاست بن سکے۔ احتجاج میں ڈویژنل رابطہ سیکریٹری سید کلیم رضا زیدی سمیت ضلعی رہنماوں اور عوام کی بڑی تعداد شریک تھی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں