کراچی (ایچ آراین ڈبلیو) ٹاؤن میونسپل کارپوریشن منگھوپیر کے چیئرمین حاجی نواز علی بروہی کی زیرِ صدارت ایک اہم اور خصوصی اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں میونسپل کمشنر آغا خلیق، وائس چیئرمین رانا محمد عارف کونسل کے معزز اراکین، ٹاؤن کے متعلقہ افسران، سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کے نمائندگان، ٹریفک پولیس، پولیس حکام، ریسکیو سے وابستہ متعلقہ نمائندگان اور مختلف مکاتبِ فکر سے تعلق رکھنے والے جید علماء کرام نے شرکت کی۔
اجلاس میں عیدِ میلاد النبی ﷺ کے موقع پر منعقد ہونے والے جلوسوں، محافلِ میلاد، مذہبی اجتماعات، صفائی ستھرائی، سیکیورٹی، ٹریفک کی روانی، ہنگامی صورتحال سے نمٹنے، شدید گرمی کے باعث شہریوں کو ریلیف کی فراہمی اور مختلف اداروں کے درمیان مؤثر رابطہ کاری کے حوالے سے تفصیلی مشاورت کی گئی۔ اس موقع پر تمام متعلقہ اداروں کی ذمہ داریوں کا تفصیلی جائزہ لیتے ہوئے ایک جامع لائحۂ عمل مرتب کیا گیا تاکہ مذہبی تقریبات کے دوران عوام کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جا سکے۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین حاجی نواز علی بروہی نے کہا کہ عیدِ میلاد النبی ﷺ امتِ مسلمہ کے لیے عقیدت، محبت اور احترام کا عظیم دن ہے، اس لیے منگھوپیر ٹاؤن کی حدود میں منعقد ہونے والے تمام جلوسوں اور مذہبی اجتماعات کے لیے بہترین بلدیاتی سہولیات کی فراہمی ہماری اولین ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام متعلقہ ادارے باہمی تعاون، مؤثر رابطے اور پیشہ ورانہ انداز میں اپنی ذمہ داریاں ادا کریں تاکہ کسی بھی مقام پر عوام کو دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
چیئرمین نے ٹاؤن کے افسران کو ہدایت کی کہ جلوسوں کے تمام روٹس، مساجد، میلاد کے مقامات اور اہم شاہراہوں پر صفائی ستھرائی کے غیر معمولی انتظامات کیے جائیں۔ کچرے کی بروقت منتقلی، نالوں اور گٹروں کی صفائی، نکاسیٔ آب کے نظام کی بہتری، سڑکوں کی کلیئرنس اور اسٹریٹ لائٹس کی فعالیت کو یقینی بنایا جائے تاکہ مذہبی تقریبات کے دوران شہریوں کو صاف، محفوظ اور خوشگوار ماحول میسر آ سکے۔
انہوں نے سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کے حکام کو ہدایت کی کہ صفائی کے خصوصی آپریشن کے لیے اضافی مشینری، گاڑیاں اور عملہ تعینات کیا جائے تاکہ جلوسوں سے قبل، دورانِ جلوس اور بعد ازاں صفائی کا عمل بلا تعطل جاری رہے۔
چیئرمین حاجی نواز علی بروہی نے شدید گرمی کی موجودہ لہر کے پیشِ نظر خصوصی ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ جلوسوں کے راستوں اور اہم مقامات پر ٹھنڈے پانی، پینے کے صاف پانی، واٹر کولرز اور ریلیف کیمپس قائم کیے جائیں تاکہ جلوسوں کے شرکاء، رضاکاروں اور شہریوں کو گرمی کی شدت سے محفوظ رکھا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ انسانی جانوں کا تحفظ اولین ترجیح ہے اور اس حوالے سے کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔


