5

این ای ڈی یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد طفیل نے منگل کے روز جامعہ کراچی کےوائس چانسلر کا اضافی چارج سنبھال لیا

کراچی (ایچ آراین ڈبلیو) وزیراعلیٰ سندھ نے این ای ڈی یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کے وائس چانسلر، پروفیسر ڈاکٹر محمد طفیل جوکھیو کو جامعہ کراچی کے وائس چانسلر کی اضافی ذمہ داری تفویض کر دی ہے۔ حکومت سندھ کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق پروفیسر ڈاکٹر محمد طفیل نے منگل کے روز جامعہ کراچی کے وائس چانسلر کی اضافی ذمہ داری کا باقاعدہ چارج سنبھال لیا۔

جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسرڈاکٹرخالد محمودعراقی کی چارسالہ مدت پیر27جولائی 2026ء کو مکمل ہوگئی اورمدمت ملازمت مکمل ہونے پر وہ اپنے عہدے سے سبکدوش ہوگئے۔

چارج سنبھالنے کے بعد اساتذہ، افسران اور ملازمین سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر ڈاکٹر محمد طفیل نے کہا کہ ان کی اولین ترجیح جامعہ کراچی کو درپیش مسائل کے پائیدار حل کے لیے مؤثر اقدامات کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسائل کی محض نشاندہی کافی نہیں، بلکہ ان کی بنیادی وجوہات کا جامع تجزیہ کرکے ان کے مستقل سدباب کو یقینی بنایا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ جامعہ کراچی کی ترقی، استحکام اور وقار کے فروغ کے لیے تمام اساتذہ، افسران اور ملازمین کو مشترکہ ذمہ داری کے احساس کے ساتھ اپنا مؤثر کردار ادا کرنا ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ کسی بھی ادارے کی کامیابی اور بہترین نتائج کا انحصار مضبوط ٹیم ورک، باہمی تعاون اور پیشہ ورانہ وابستگی پر ہوتا ہے۔

ڈاکٹر محمد طفیل نے اساتذہ، افسران اور ملازمین پر زور دیا کہ وہ وقت کی پابندی اور نظم و ضبط کو اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داری کا حصہ بنائیں تاکہ دفتری اور تعلیمی امور بلا تعطل، مؤثر اور احسن انداز میں انجام دیے جا سکیں، جس کے نتیجے میں جامعہ کی مجموعی کارکردگی میں مزید بہتری آئے گی۔

پروفیسر ڈاکٹر محمد طفیل ملک کے ممتاز ماہرِ تعلیم، عالمی شہرت یافتہ انجینئر اور اعلیٰ تعلیمی نظم و نسق میں اصلاحات کے علمبردار تصور کیے جاتے ہیں۔ وہ برطانیہ کے چارٹرڈ انجینئر (Chartered Engineer) ہیں اور انسٹی ٹیوشن آف میکینیکل انجینئرز (برطانیہ) اور انسٹی ٹیوشن آف انجینئرز پاکستان کے فیلو بھی ہیں۔ اس وقت وہ این ای ڈی یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کے وائس چانسلر کے فرائض انجام دے رہے ہیں۔
اعلیٰ تعلیم، تحقیقی نظم و نسق، ایکریڈیٹیشن اور بین الاقوامی تعلیمی تعاون کے شعبوں میں پچیس برس سے زائد قائدانہ تجربے کے حامل پروفیسر ڈاکٹر محمد طفیل نے ادارہ جاتی اصلاحات، معیارِ تعلیم کے فروغ، عالمی جامعات سے علمی اشتراک، ڈیجیٹل تبدیلی، تحقیقی سرگرمیوں کے فروغ اور مؤثر انتظامی نظام کے استحکام میں نمایاں کردار ادا کیا ہے۔ ان کی قیادت میں این ای ڈی یونیورسٹی میں متعدد اسٹریٹجک اصلاحات نافذ کی گئیں، جن کے نتیجے میں معیارِ تعلیم، ادارہ جاتی شفافیت، تحقیقی فنڈنگ اور بین الاقوامی روابط کو مزید تقویت ملی۔

انہوں نے برطانیہ کی یونیورسٹی آف ناٹنگھم سے مکینیکل انجینئرنگ (مینوفیکچرنگ سسٹمز) میں پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کی۔ اس سے قبل وہ این ای ڈی یونیورسٹی میں پرو وائس چانسلر، مختلف فیکلٹیز کے ڈین اور شعبۂ انڈسٹریل اینڈ مینوفیکچرنگ انجینئرنگ کے چیئرمین کے طور پر بھی خدمات انجام دے چکے ہیں۔ ان کی اہم کامیابیوں میں ضلع تھرپارکر میں این ای ڈی یونیورسٹی کے ذیلی کالج کا قیام بھی شامل ہے، جس کے ذریعے پسماندہ علاقوں کے طلبہ کو معیاری انجینئرنگ تعلیم تک رسائی حاصل ہوئی۔

قومی سطح پر پروفیسر ڈاکٹر محمد طفیل پاکستان انجینئرنگ کونسل کی گورننگ باڈی کے منتخب رکن، ایکریڈیٹیشن وزٹنگ ٹیموں کے کنوینر و رکن، مختلف سلیکشن بورڈز اور فنانس کمیٹیوں کے رکن جبکہ انسٹی ٹیوشن آف میکینیکل انجینئرز (پاکستان گروپ) کے چیئرمین کی حیثیت سے بھی خدمات انجام دے چکے ہیں۔ انہوں نے انجینئرنگ نصاب، ایکریڈیٹیشن کے نظام اور اعلیٰ تعلیم کے معیار کو بہتر بنانے میں مؤثر کردار ادا کیا ہے۔

پروفیسر ڈاکٹر محمد طفیل ایک ممتاز محقق اور نگرانِ تحقیق بھی ہیں۔ انہوں نے ایڈوانسڈ میٹریلز، مینوفیکچرنگ سسٹمز، پائیدار ایندھن، ایڈیٹو مینوفیکچرنگ، بایومیڈیکل الائز اور سپلائی چین کوالٹی مینجمنٹ سمیت مختلف شعبوں میں متعدد تحقیقی منصوبوں کی قیادت کی اور بین الاقوامی پروگرامز کے تحت ملین یورو مالیت کے تحقیقی منصوبوں کو کامیابی سے مکمل کیا۔

اعلیٰ تعلیم اور انجینئرنگ کے شعبے میں ان کی نمایاں خدمات کے اعتراف میں انہیں پاکستان انجینئرنگ کونسل کا انجینئرز ایکسی لینس ایوارڈ (اکیڈیمیا و ریسرچ) 2023ء، حکومت سندھ کا ہائی پرفارمرز ایوارڈ 2023ء اور وال آف فیم ایوارڈ 2018ء سمیت متعدد اعزازات سے نوازا جا چکا ہے۔

تعلیمی و انتظامی حلقوں کا کہنا ہے کہ پروفیسر ڈاکٹر محمد طفیل کا وسیع تجربہ، مؤثر قیادت اور اصلاحاتی وژن جامعہ کراچی میں تعلیمی، تحقیقی اور انتظامی نظام کو مزید مستحکم بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں