حیدرآباد (ایچ آراین ڈبلیو) حیدرآباد چیمبر آف اسمال ٹریڈرز اینڈ اسمال انڈسٹری کے نائب صدرشان سہگل نے بحریہ ٹاؤن کراچی میں منعقدہ ایجوکیشن ایکسپو 2026 میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ یہ ایکسپو ملک کے ممتاز ماہرینِ تعلیم، سابق وزرائے تعلیم، صنعت و تجارت سے وابستہ شخصیات، مختلف اداروں کے چیف ایگزیکٹو آفیسرز (CEOs)، جامعات کے وائس چانسلرز، اور چیمبرز آف کامرس کے نمائندگان کو ایک ہی پلیٹ فارم پر جمع کرنے کا ایک منفرد اور مؤثر فورم ثابت ہوا، جہاں تعلیم، صنعت اور جدید ٹیکنالوجی کے باہمی اشتراک پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ایکسپو کے دوران نائب صدر شان سہگل نے مختلف ممتاز شخصیات سے ملاقاتیں کیں، جن میں محمد اقبال میمن، ایڈیشنل چیف سیکریٹری، محکمہ داخلہ سندھ و چیف ایگزیکٹو آفیسر سندھ سینٹر فار ایکسی لینس آن کاؤنٹرنگ وائلنٹ ایکسٹریمزم،محمد عزیر، بانی کمیونٹی ہب بحریہ ٹاؤن کراچی،یاسر حسین، جنرل منیجر مارکیٹنگ بحریہ ٹاؤن، اورنوید گیلانی، چیف ایگزیکٹو آفیسر کنگسٹن اسکول اینڈ کالجز شامل تھے۔ ملاقاتوں کے دوران تعلیم، نوجوانوں کی فنی تربیت، روزگار کے مواقع، اکیڈمیا اور انڈسٹری کے درمیان روابط، اور مستقبل کی مہارتوں کے فروغ جیسے اہم موضوعات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر نائب صدر شان سہگل نے کہا کہ پاکستان کی پائیدار معاشی ترقی کا انحصار معیاری تعلیم، جدید ٹیکنالوجی، تحقیق، جدت اور ہنر مند افرادی قوت کی تیاری پر ہے۔ انہوں نے کہا کہ صرف روایتی تعلیم کافی نہیں بلکہ نوجوانوں کو مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق ڈیجیٹل اسکلز، کاروباری صلاحیتوں اور عملی تربیت سے آراستہ کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ وہ قومی اور بین الاقوامی سطح پر مؤثر کردار ادا کرسکیں۔انہوں نے مزید کہا کہ ایجوکیشن ایکسپو 2026 جیسے پروگرام تعلیمی اداروں، صنعت، کاروباری شعبے اور پالیسی ساز اداروں کے درمیان فاصلے کم کرنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ ایسے فورمز طلبہ کو کیریئر پلاننگ، نئی تعلیمی جہتوں، جدید ٹیکنالوجی اور مستقبل کے روزگار کے مواقع سے آگاہ کرنے کے ساتھ ساتھ انہیں اپنی صلاحیتوں کو بہتر انداز میں بروئے کار لانے کا موقع بھی فراہم کرتے ہیں۔شان سہگل نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حیدرآباد چیمبر آف اسمال ٹریڈرز اینڈ اسمال انڈسٹری نوجوانوں کی تعلیم، فنی مہارتوں، کاروباری تربیت، اسٹارٹ اپ کلچر، ڈیجیٹل معیشت اور اکیڈمیا۔انڈسٹری اشتراک کے فروغ کے لیے اپنا فعال کردار مستقبل میں بھی جاری رکھے گا تاکہ تعلیم یافتہ اور باصلاحیت نوجوان ملکی معاشی ترقی میں مؤثر کردار ادا کرسکیں۔ایکسپو کے دوران مستقبل کی تعلیم، مصنوعی ذہانت، ڈیجیٹل مہارتیں، نئی معیشت، یوتھ امپاورمنٹ، اسٹارٹ اپ ایکوسسٹم اور اکیڈمیا۔انڈسٹری لنکیج جیسے اہم موضوعات پر پینل ڈسکشنز، ورکشاپس اور خصوصی سیشنز منعقد ہوئے، جن میں ہزاروں طلبہ، اساتذہ، والدین، تعلیمی اداروں کے نمائندگان، صنعتکاروں اور کاروباری شخصیات نے بھرپور شرکت کی۔
4


