4

سندھ پولیس کے شعبہ ٹریننگ کا ڈی ڈی کورس کے 66ویں بیچ سے آن لائن امتحان لینے فیصلہ

کراچی (ایچ آراین ڈبلیو) سندھ پولیس کے شعبہ ٹریننگ نے محکمانہ تربیت اور امتحانی نظام میں جدید اصلاحات متعارف کراتے ہوئے ڈیپارٹمنٹل ڈرائنگ & ڈسبرسمنٹ (DD Course) کے 66ویں بیچ کے امتحانات پہلی مرتبہ آن لائن لینے کا فیصلہ کیا ہے۔ امتحانات ایک جدید اور محفوظ مخصوص سافٹ ویئر کے ذریعے منعقد کیے جائیں گے، جس کے تمام تجرباتی اور تکنیکی مراحل کامیابی سے مکمل کر لیے گئے ہیں۔

ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس (ٹریننگ) فیض اللہ کوریجوکے مطابق آن لائن امتحانی نظام کے نفاذ کا مقصد امتحانی عمل کو مزید شفاف، منصفانہ اور جدید تقاضوں سے ہم آہنگ بنانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سسٹم کے ذریعے امتحانات کی نگرانی، جانچ پڑتال اور نتائج کی تیاری زیادہ مؤثر انداز میں ممکن ہوگی۔

انہوں نے مزید کہا کہ اب تک ڈی ڈی کورس کے 65 کورس کامیابی کے ساتھ مکمل کیے جاچکے ہیں جبکہ آن لائن امتحانات کے انعقاد سے نہ صرف امتحانی عمل پر ہونے والی بے جا تنقید کا خاتمہ ہوگا بلکہ سندھ پولیس کے تربیتی نظام میں جدت، شفافیت اور میرٹ کو بھی مزید فروغ ملے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے محکمہ پولیس کی پیشہ ورانہ استعداد کار میں اضافہ ہوگا اور تربیتی نظام بین الاقوامی معیار کے مطابق استوار کیا جا سکے گا۔

اے آئی جی ٹریننگ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ سندھ پولیس اپنے تربیتی اور امتحانی نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے آئندہ بھی جدید ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹل اصلاحات کا سلسلہ جاری رکھے گی تاکہ افسران و اہلکاروں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں مزید بہتری لائی جا سکے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں