ملک بھر میں‌ گرمی نے قہر برپا کر دیا ، درجہ حرارت 48 ڈگری تک

لاہور(ایچ آراین ڈبلیو) ملک بھر میں شدید گرمی کی لہر جاری ہے جب کہ بیشتر میدانی علاقے آئندہ 4 روز تک موسم کی شدت سے متاثر اور گرم لہروں کی لپیٹ میں رہیں گے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے جنوبی علاقوں خصوصاً جنوبی پنجاب،سندھ اور بلوچستان میں دن کے اوقات میں درجہ حرارت معمول سے 4 سے 6 ڈگری سینٹی گریڈ تک زائد رہنے کا امکان ہے، جب کہ بالائی اور وسطی علاقوں اسلام آباد، خیبرپختونخوا، کشمیر، گلگت بلتستان اور وسطی و بالائی پنجاب میں درجہ حرارت معمول سے 5 سے 7 ڈگری سینٹی گریڈ تک بلند رہ سکتا ہے۔

آج لاہور میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 43 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کا امکان ہے۔ اسی طرح بہاولپور میں45 ڈگری، ڈی جی خان میں 47، ملتان میں 44، سرگودھا میں 45 اور راولپنڈی میں 40 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

اسی طرح کراچی میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 36، حیدرآباد میں 42،سکھر میں 45 اور نوابشاہ میں 46 ڈگری تک پہنچنے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات نے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔ عوام کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ غیر ضروری طور پر دھوپ میں نکلنے سے گریز کریں، پانی اور مشروبات کا زیادہ استعمال کریں اور بچوں، بزرگوں اور مریضوں کو خاص طور پر گرمی کی شدت سے محفوظ رکھنے کے لیے احتیاط برتیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں