کراچی (ایچ آراین ڈبلیو) انصاف لائرز فورم کراچی ڈویژن کے سینیئر رہنما ایڈووکیٹ حسنین علی چوہان نے کہا ہے کہ 5 اگست 2026 کو پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان کی ناحق قید کو تین سال مکمل ہو جائیں گے۔ یہ تین سال صرف ایک سیاسی رہنما کی قید نہیں بلکہ آئین، قانون، جمہوریت اور عوام کے حقِ رائے دہی پر حملے کی علامت ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان نے اپنی ذات کے لیے نہیں بلکہ اس ملک اور قوم کے حقوق، حقیقی آزادی، آئین کی بالادستی اور قانون کی حکمرانی کے لیے تین سال قید و بند کی صعوبتیں برداشت کی ہیں، مگر انہوں نے اپنے اصولوں پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا۔ تاریخ گواہ ہے کہ نظریات کو قید نہیں کیا جا سکتا اور نہ ہی عوام کے دلوں سے عمران خان کی محبت نکالی جا سکتی ہے۔
ایڈووکیٹ حسنین علی چوہان نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف نے 5 اگست کو ملک گیر احتجاج کا اعلان کیا ہے اور پوری قوم سے اپیل کی ہے کہ وہ گھروں سے نکل کر پرامن انداز میں اپنے بنیادی آئینی و جمہوری حقوق کے لیے آواز بلند کرے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی بھرپور شرکت ہی ظلم اور ناانصافی کے نظام کو شکست دے سکتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ملک میں جاری ظلم، فسطائیت اور سیاسی انتقام کی اندھیری رات کو مزید طول نہیں دیا جا سکتا۔ آئین و قانون کی بالادستی، عدلیہ کی آزادی اور بنیادی انسانی حقوق کے تحفظ کے لیے وکلاء اپنی آئینی ذمہ داری ادا کریں گے اور انصاف لائرز فورم بھی وکلاء تحریک میں بھرپور کردار ادا کرے گا۔
ایڈووکیٹ حسنین علی چوہان نے کہا کہ وکلاء ہمیشہ آئین، جمہوریت اور انصاف کے محافظ رہے ہیں۔ جب بھی ملک میں آئین کو پامال کیا گیا، وکلاء نے ہر دور میں مزاحمت کی۔ آج بھی وکلاء برادری عوام کے ساتھ کھڑی ہے اور قانون کی حکمرانی، سیاسی قیدیوں کی رہائی اور جمہوری اقدار کی بحالی کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔
انہوں نے آخر میں کہا کہ 5 اگست کا دن پاکستان کی جمہوری تاریخ میں ایک اہم موڑ ثابت ہوگا۔ عوام، وکلاء اور تمام جمہوریت پسند قوتیں متحد ہو کر آئین کی سربلندی، ظلم کے خاتمے اور عمران خان سمیت تمام سیاسی قیدیوں کی رہائی کے مطالبے کو بھرپور انداز میں اجاگر کریں گی۔


