9

چیئرمین نیو کراچی ٹاون محمد یوسف نے یو سی ٹو سیکٹر5B/1 نارتھ کراچی میں الشفاء کلینک ماڈل اسٹریٹ کا افتتاح کر دیا

کراچی (ایچ آراین ڈبلیو)نیو کراچی ٹاؤن میں عوامی فلاح و بہبود اور بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے ترقیاتی منصوبوں پر تیزی سے کام جاری ہے۔ اسی سلسلے میں چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن محمد یوسف نے یونین کونسل نمبر 2، سیکٹر5B/1 نارتھ کراچی میں تعمیر ہونے والی الشفاء کلینک ماڈل اسٹریٹ کا افتتاح کر دیا۔افتتاحی تقریب میں وائس چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن شعیب بن ظہیر، مختلف یونین کونسلوں کے چیئرمین، وائس چیئرمین، کونسلرز، ٹاؤن افسران اور علاقے کے معززین سمیت شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ علاقہ مکینوں نے ترقیاتی کام کی تکمیل پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن کا شکریہ ادا کیا۔اس موقع پر چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن محمد یوسف نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سیکٹر5B/1 کی یہ گلی کئی برسوں سے ٹوٹ پھوٹ کا شکاراورانتہائی خستہ حال تھی جبکہ سیوریج اور پانی کی خراب لائنوں کے باعث اہلِ علاقہ کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا تھا۔ انہوں نے کہا کہ پانی اور سیوریج کے نظام کی بہتری بنیادی طور پر واٹر اینڈ سیوریج بورڈ کارپوریشن کی ذمہ داری ہے، مگر متعلقہ ادارے کی عدم توجہی کے باعث عوام طویل عرصے سے پریشان تھے۔انہوں نے کہاہم نے عوام کی مشکلات کو اپنی ذمہ داری سمجھتے ہوئے پہلے پانی اور سیوریج کی خراب لائنیں تبدیل کروائیں تاکہ مستقبل میں نئی سڑک کو نقصان نہ پہنچے۔ اس کے بعد جدید طرز پر پیور بلاک لگا کر اس گلی کو خوبصورت اور پائیدار بنایا گیا، جسے آج باقاعدہ طور پر الشفاء کلینک ماڈل اسٹریٹ کے نام سے منصوب کرکے عوام کے لیے کھول دیا گیا ہے۔محمد یوسف نے کہا کہ ان کی اولین ترجیح عوام کو بنیادی سہولیات ان کی دہلیز پر فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ترقی صرف اعلانات سے نہیں بلکہ عملی اقدامات سے ہوتی ہے، اور نیو کراچی ٹاؤن میں جاری منصوبے اسی عزم کا ثبوت ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ آج اس گلی کی نئی شکل ہر آنے والے کو واضح طور پر دکھائی دے رہی ہے، جو پہلے خستہ حالی کی علامت تھی، اب صفائی، خوبصورتی اور بہتر منصوبہ بندی کی مثال بن چکی ہے۔انہوں نے کہاکہ یہ منصوبہ اہلِ علاقہ کا دیرینہ مطالبہ تھا، جسے ہم نے اپنے وعدے کے مطابق مکمل کیا۔ عوام کا اعتماد ہی ہماری سب سے بڑی طاقت ہے۔ آپ دیکھ سکتے ہیں کہ رات کے وقت بھی شہریوں کی بڑی تعداد یہاں موجود ہے، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ لوگ ترقیاتی کاموں کو سراہتے ہیں اور خدمت کرنے والوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ ان کی سیاست کا مقصد صرف عوام کی خدمت ہے۔ ہمارے نزدیک لوگوں کے مسائل حل کرنا ہی اصل عبادت ہے۔ ہم نے ہمیشہ عملی خدمت پر یقین رکھا ہے اور آئندہ بھی بلاامتیاز ہر علاقے میں ترقیاتی منصوبوں کا یہی سلسلہ جاری رہے گا۔ دوسری جماعتیں صرف دعوے کرتی ہیں، جبکہ ہم میدانِ عمل میں عوام کے درمیان رہ کر ان کے مسائل حل کر رہے ہیں۔تقریب کے اختتام پر شہریوں نے ترقیاتی منصوبے کو خوش آئند قرار دیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں