6

کراچی ایڈیٹرز کلب کی طرف سے رئیسہ عادل کو پرنسپل انفارمیشن آفیسر مقرر ہونے پر مبارکباد

کراچی (ایچ آراین ڈبلیو) کراچی ایڈیٹرز کلب (KEC) کے خصوصی اجلاس میں، جو ہفتہ کے روز صدر مبشر میر کی زیر صدارت منعقد ہوا، حکومتِ پاکستان کی جانب سے محترمہ رئیسہ عادل کو پرنسپل انفارمیشن آفیسر (PIO) ، وزارتِ اطلاعات و نشریات مقرر کیے جانے کے فیصلے کا متفقہ طور پر خیرمقدم کیا گیا۔ اجلاس میں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ کو اس اہم عہدے پر ایک تجربہ کار، باصلاحیت اور پیشہ ور افسر کی تقرری پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے ان کے اس فیصلے کو میرٹ، اہلیت اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں پر مبنی ایک بہترین انتخاب قرار دیا گیا۔
شرکاے اجلاس نے کہا کہ وزارتِ اطلاعات کی طرف سے اس انتہائی اہم منصب پر رئیسہ عادل کی تقرری حکومت اور میڈیا کے درمیان روابط کو مزید مؤثر بنانے میں اہم کردار ادا کرے گی۔ کراچی ایڈیٹرز کلب نے محترمہ رئیسہ عادل کو پرنسپل انفارمیشن آفیسر کا منصب سنبھالنے پر دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ ان کا وسیع پیشہ ورانہ تجربہ، انتظامی صلاحیت اور میڈیا امور پر گہری دسترس حکومت اور صحافتی برادری کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں معاون ثابت ہوگی۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صدر کراچی ایڈیٹرز کلب ، مبشر میر نے کہا کہ پرنسپل انفارمیشن آفیسر کا دفتر حکومت اور میڈیا کے درمیان ایک مضبوط اور مؤثر پل کی حیثیت رکھتا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ محترمہ رئیسہ عادل کی قیادت میں پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ شفافیت، سرکاری معلومات کی بروقت فراہمی اور صحافیوں و میڈیا اداروں کے ساتھ باہمی احترام اور اعتماد پر مبنی تعلقات کے فروغ میں مزید مؤثر کردار ادا کرے گا۔
سیکریٹری جنرل ، کراچی ایڈیٹرز کلب منظر نقوی نے کہا کہ پاکستان کی میڈیا انڈسٹری اس وقت اپنی تاریخ کے مشکل ترین دور سے گزر رہی ہے۔ اخبارات، ٹیلی ویژن چینلز اور ڈیجیٹل میڈیا ادارے کم ہوتی آمدنی، بڑھتے ہوئے اخراجات اور معاشی غیر یقینی صورتحال کے باعث شدید مالی بحران کا شکار ہیں۔ اس کے نتیجے میں سیکڑوں صحافی اور میڈیا کارکن اپنی ملازمتوں سے محروم ہو چکے ہیں جبکہ ہزاروں دیگر اپنے روزگار کے مستقبل کے حوالے سے شدید عدم تحفظ کا شکار ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ محترمہ رئیسہ عادل حکومت اور میڈیا کے درمیان ایک مؤثر رابطہ کار اور مضبوط پل کا کردار ادا کرتے ہوئے اوپن ڈور پالیسی اختیار کریں گی، میڈیا تنظیموں کے ساتھ مستقل مشاورت کو فروغ دیں گی اور صحافتی برادری کو درپیش مسائل کے حل کے لیے عملی اقدامات کریں گی۔
شرکاے اجلاس نے اس بات پر زور دیا کہ موجودہ حالات میں سرکاری اشتہارات کا بروقت اجرا، میڈیا اداروں کے واجبات کی فوری ادائیگی اور ایک شفاف، منصفانہ اور مساوی اشتہاری پالیسی کی تشکیل انتہائی ضروری ہے تاکہ قومی، علاقائی اور مقامی میڈیا اداروں کو درپیش مالی مشکلات میں کمی لائی جا سکے۔ جب کہ متعدد میڈیا اداروں کی مالی بقا کا انحصار سرکاری اشتہارات اور ان کی بروقت ادائیگی پر ہے۔ اجلاس میں وزارتِ اطلاعات و نشریات سے مطالبہ کیا گیا کہ پرنسپل انفارمیشن آفیسر کی سربراہی میں صحافتی تنظیموں، ایڈیٹرز، میڈیا مالکان اور متعلقہ اداروں سے مشاورت کرتے ہوئے ان صحافیوں اور میڈیا ورکرز کے لیے ایک جامع اور قابلِ عمل فریم ورک تشکیل دیا جائے جو میڈیا کے موجودہ مالی بحران کے باعث بے روزگار ہو چکے ہیں۔ اس فریم ورک میں پیشہ ورانہ تربیت، ڈیجیٹل مہارتوں میں اضافہ، روزگار کے نئے مواقع، فلاحی اقدامات اور ادارہ جاتی معاونت جیسے پہلوؤں کو شامل کیا جائے تاکہ متاثرہ صحافیوں کو دوبارہ باعزت روزگار کے مواقع میسر آ سکیں۔

اجلاس نے اس امر پر بھی زور دیا کہ صحافیوں میں ملازمت کے تحفظ، پیشہ ورانہ آزادی اور مستقبل کے حوالے سے اعتماد کی بحالی وقت کی اہم ضرورت ہے۔ اجلاس میں کہا گیا کہ ایک مضبوط، آزاد، باوقار اور مالی طور پر مستحکم میڈیا ہی جمہوری اداروں، آزادیٔ اظہار اور ذمہ دار صحافت کے فروغ کی ضمانت فراہم کر سکتا ہے۔ شرکائے اجلاس نے محترمہ رئیسہ عادل کی انفارمیشن گروپ میں شاندار پیشہ ورانہ خدمات کو سراہتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا کہ ان کی قیادت میں حکومت اور میڈیا کے درمیان باہمی اعتماد، مؤثر رابطوں اور ادارہ جاتی تعاون کا ایک نیا دور شروع ہوگا اور دیرینہ مسائل کو مشاورت، مکالمے اور عملی اصلاحات کے ذریعے حل کرنے میں پیش رفت ہوگی۔ کراچی ایڈیٹرز کلب نے وزارتِ اطلاعات و نشریات اور پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ کے ساتھ ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ کلب ہمیشہ ذمہ دار صحافت، ادارہ جاتی ہم آہنگی، آزادیٔ صحافت اور قومی مفاد کے فروغ کے لیے اپنا مثبت کردار ادا کرتا رہے گا۔
اجلاس میں صدر مبشر میر، سیکریٹری جنرل منظر نقوی، سینئر نائب صدر مختار عاقل، مختار بٹ، دیگر اراکین نذیر لغاری، آغا مسعود حسین، نجم الدین شیخ، اقبال جمیل، خورشید حیدر،طارق خلیل ، حسینہ جتوئی، جاوید ملک، نعیم طاہر ،نعیم الدین اور ندیم اسرار عثمانی نے شرکت کی۔
اجلاس کے اختتام پر کراچی ایڈیٹرز کلب نے محترمہ رئیسہ عادل کو ایک مرتبہ پھر پرنسپل انفارمیشن آفیسر کا منصب سنبھالنے پر دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا اور امید ظاہر کی کہ ان کا دورِ ذمہ داری پیشہ ورانہ دیانت، شفافیت، وسعتِ نظر اور بامعنی اصلاحات سے عبارت ہوگا، جس کے نتیجے میں حکومت اور میڈیا کے درمیان تعلقات مزید مستحکم ہوں گے اور ملک بھر کی صحافتی برادری کو درپیش حقیقی مسائل کے حل میں نمایاں پیش رفت ہوگی

اپنا تبصرہ بھیجیں