کراچی (ایچ آراین ڈبلیو) انصاف لائرز فورم کراچی ڈویژن کے سینیئر رہنما و معروف قانوندان ایڈووکیٹ حسنین علی چوہان نے کہا ہے کہ ملک اس وقت بدترین معاشی، سیاسی اور انتظامی بحرانوں کی لپیٹ میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکمرانوں کی ناقص پالیسیوں کے باعث عوام کو پیٹرول، گیس، بجلی، آٹا اور ایل پی جی سمیت بنیادی ضروریات کے شدید بحران کا سامنا ہے، جبکہ بڑھتی ہوئی مہنگائی، بے روزگاری اور قرضوں کے بوجھ نے عام آدمی کی زندگی مشکل بنا دی ہے۔
انہوں نے کہا کہ عوامی سہولیات کا فقدان، معیشت کی تباہ حالی اور روزمرہ استعمال کی اشیاء کی بڑھتی ہوئی قیمتیں حکومتی ناکامی کا واضح ثبوت ہیں۔ لاکھوں خاندان غربت کی دلدل میں دھکیلے جا چکے ہیں اور عوام کو ریلیف دینے کے بجائے ان پر مزید معاشی بوجھ ڈالا جا رہا ہے۔
ایڈووکیٹ حسنین علی چوہان نے کہا کہ موجودہ بحرانوں سے نکلنے کا واحد راستہ عوام کے حقِ رائے دہی کا احترام اور آئین و قانون کی بالادستی ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کو فوری طور پر رہا کیا جائے، عوام کا چوری شدہ مینڈیٹ واپس کیا جائے اور ملک پر مسلط نااہل و کرپٹ حکمرانی کا خاتمہ کیا جائے تاکہ پاکستان کو سیاسی استحکام اور معاشی ترقی کی راہ پر گامزن کیا جا سکے۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ انصاف لائرز فورم آئین، قانون، جمہوریت اور عوام کے بنیادی حقوق کے تحفظ کے لیے اپنی جدوجہد ہر سطح پر جاری رکھے گا۔


