6

دہشت گردی، مہنگائی اور بے روزگاری اس وقت ملک کے اہم ترین مسائل ہیں، محمد شاداب رضا نقشبندی

کراچی (ایچ آراین ڈبلیو ) سربراہ پاکستان سنی تحریک محمد شاداب رضا نقشبندی نے کہا ہے کہ دہشت گردی، مہنگائی اور بے روزگاری اس وقت ملک کے اہم ترین مسائل ہیں، جن کے حل کے لیے حکومت کو فوری، مؤثر اور دیرپا اقدامات کرنا ہوں گے، دہشت گردی کے خلاف پوری قوم اپنی مسلح افواج، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور قومی سلامتی کے اداروں کے ساتھ کھڑی ہے، اور ملک کے امن و استحکام کو نقصان پہنچانے والی ہر سازش کو ناکام بنانے کے لیے ہر ممکن تعاون کرے گی، پاکستان کے عوام وطن عزیز کی سلامتی، دفاع، استحکام اور ترقی کے لیے ہر قسم کی قربانی دینے کا جذبہ رکھتے ہیں،قومی اتحاد، باہمی یکجہتی اور عوامی تعاون ہی دہشت گردی کے مکمل خاتمے اور پائیدار امن کی ضمانت ہے، حکومت کو چاہیے کہ دہشت گرد عناصر اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کو مزید مؤثر بنایا جائے تاکہ ملک دشمن قوتوں کے ناپاک عزائم ہمیشہ کے لیے ناکام بنائے جا سکیں،ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکز اہلسنت سے جاری ایک بیان میں کیا،محمد شاداب رضا نقشبندی نے کہا کہ مہنگائی، بے روزگاری اور بڑھتے ہوئے معاشی مسائل نے عام آدمی کی زندگی اجیرن بنا دی ہے،اشیائے خورونوش، بجلی، گیس، پٹرول اور دیگر بنیادی ضروریات کی بڑھتی ہوئی قیمتوں نے متوسط اور غریب طبقے کو شدید مشکلات سے دوچار کر دیا ہے۔ لاکھوں نوجوان روزگار سے محروم ہیں، جس کے باعث عوام میں بے چینی اور مایوسی میں اضافہ ہو رہا ہے، عوام کی مشکلات کا حل صرف اعلانات سے نہیں بلکہ عملی اقدامات سے ممکن ہے۔،حکومت ایسی جامع معاشی پالیسیاں تشکیل دے جو عوامی ضروریات، ملکی معاشی حالات اور قومی مفاد کے مطابق ہوں۔ صنعت و تجارت کو فروغ دیا جائے، چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار کو آسان قرضے اور سہولیات فراہم کی جائیں، نوجوانوں کے لیے روزگار کے نئے مواقع پیدا کیے جائیں اور مہنگائی پر قابو پانے کے لیے مؤثر نگرانی کا نظام قائم کیا جائے۔انہوں نے مزید کہا کہ ملک کی معاشی ترقی اس وقت تک ممکن نہیں جب تک عام شہری کو روزگار، مناسب آمدنی اور بنیادی سہولیات میسر نہ ہوں۔ حکومت کو چاہیے کہ عوام کو ریلیف دینے کے لیے ٹیکس کے نظام میں اصلاحات، مہنگائی پر قابو پانے، سرمایہ کاری کے فروغ اور غربت کے خاتمے کے لیے جامع حکمت عملی اختیار کرے تاکہ ہر شہری ترقی کے ثمرات سے مستفید ہو سکے۔پاکستان سنی تحریک امن، استحکام، قومی یکجہتی اور عوامی فلاح و بہبود کی سیاست پر یقین رکھتی ہے،ہم حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ دہشت گردی کے خاتمے، معاشی استحکام، مہنگائی میں کمی، بے روزگاری کے خاتمے اور عوامی خوشحالی کے لیے فوری اور مؤثر اقدامات کیے جائیں تاکہ پاکستان ایک مضبوط، پرامن، خوشحال اور ترقی یافتہ ریاست کے طور پر آگے بڑھ سکے۔#

اپنا تبصرہ بھیجیں