کراچی (ایچ آراین ڈبلیو): کراچی بار ایسوسی ایشن کے نومنتخب صدر ایڈووکیٹ عامر نواز وڑائچ، سندھ ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر ایڈووکیٹ حسیب جمالی اور دیگر سینئر وکلاء کے ہمراہ عادل ہاؤس پہنچے، جہاں انہوں نے پاکستان تحریک انصاف سندھ کے صدر حلیم عادل شیخ سے ملاقات کی۔
اس موقع پر انصاف لائرز فورم سندھ کے صدر ایڈووکیٹ فیصل مغل، جنرل سیکرٹری بیرسٹر علی طاہر، انصاف لائرز فورم کراچی کے صدر ایڈووکیٹ شجاعت علی خان، جنرل سیکرٹری نصر اللہ جلبانی، اور انصاف لائرز فورم کے دیگر سینئر وکلاء بھی موجود تھے۔
ملاقات کے دوران ایڈووکیٹ عامر نواز وڑائچ نے کراچی بار ایسوسی ایشن کے انتخابات میں بھرپور حمایت پر پاکستان تحریک انصاف سندھ کے صدر حلیم عادل شیخ، انصاف لائرز فورم اور پی ٹی آئی سے وابستہ وکلاء برادری کا شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر حلیم عادل شیخ نے عامر نواز وڑائچ کو کراچی بار ایسوسی ایشن کا صدر منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کی اور انہیں سندھ کی ثقافت کی علامت اجرک کا تحفہ پیش کیا۔
حلیم عادل شیخ نے کہا کہ ایڈووکیٹ عامر نواز وڑائچ نے ہمیشہ آئین، قانون، عدلیہ کی آزادی اور انصاف کی بالادستی کے لیے اصولی اور جرات مندانہ کردار ادا کیا، جس کے باعث انہیں وکلاء برادری کا بھرپور اعتماد حاصل ہوا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف ہر اس شخص کے ساتھ کھڑی رہے گی جو آئین، قانون، جمہوریت اور انصاف کی سربلندی کے لیے جدوجہد کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں آئین و قانون کی بالادستی ناگزیر ہو چکی ہے۔ آئین سے انحراف، جمہوری اقدار کی کمزوری اور انصاف میں تاخیر نے عوام کے اعتماد کو متاثر کیا ہے۔ پاکستان کی ترقی، سیاسی استحکام اور معاشی خوشحالی صرف اسی صورت ممکن ہے جب آئین کی بالادستی، قانون کی حکمرانی اور عوامی مینڈیٹ کا احترام یقینی بنایا جائے۔
حلیم عادل شیخ نے مزید کہا کہ آزاد عدلیہ، مضبوط پارلیمان، شفاف اور غیرجانبدار انتخابات، بنیادی انسانی حقوق کا تحفظ اور آئین پر مکمل عملدرآمد ہی ایک مضبوط جمہوری ریاست کی بنیاد ہیں۔
انہوں نے کہا کہ وکلاء برادری نے ہر دور میں آئین، جمہوریت، عدلیہ کی آزادی اور شہری حقوق کے تحفظ کے لیے تاریخی کردار ادا کیا ہے۔ آج بھی ملک کو اسی جراتمندانہ اور اصولی قیادت کی ضرورت ہے تاکہ قانون کی حکمرانی مضبوط ہو، ادارے آئینی حدود میں رہ کر کام کریں اور عوام کو بلاامتیاز انصاف میسر آ سکے۔
کراچی بار ایسوسی ایشن کے نومنتخب صدر ایڈووکیٹ عامر نواز وڑائچ نے حلیم عادل شیخ اور پاکستان تحریک انصاف کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے دورِ صدارت میں وکلاء کے حقوق کے تحفظ، عدلیہ کی آزادی، آئین و قانون کی بالادستی اور انصاف کی فراہمی کے لیے بھرپور کردار ادا کریں گے اور بار کی روایات کے مطابق ہر آئینی اور قانونی جدوجہد میں اپنا مؤثر کردار جاری رکھیں گے۔


