اسلام آباد(ایچ آراین ڈبلیو) اسلام آباد پولیس نے “اسلحہ سے پاک اسلام آباد” اور “نشہ اب نہیں” مہم کے تحت گزشتہ سات روز کے دوران بھرپور کریک ڈاؤن کرتے ہوئے مجموعی طور پر 109 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
پولیس کے مطابق غیر قانونی اسلحہ رکھنے کے الزام میں 72 ملزمان کو گرفتار کیا گیا، جن کے قبضے سے 2 کلاشنکوف، 5 گنیں، ایک رائفل، 59 پستول، 3 خنجر اور بھاری مقدار میں ایمونیشن برآمد کیا گیا۔
اسی دوران منشیات فروشی میں ملوث 37 ملزمان کو بھی گرفتار کیا گیا، جن کے قبضے سے 7 کلوگرام سے زائد آئس، 4 کلوگرام چرس، 2 کلوگرام سے زائد ہیروئن اور 145 بوتل شراب برآمد ہوئی۔
اسلام آباد پولیس کا کہنا ہے کہ انسپکٹر جنرل (آئی جی) اسلام آباد سید علی ناصر رضوی کی خصوصی ہدایات پر “اسلحہ سے پاک اسلام آباد” اور “نشہ اب نہیں” مہم بھرپور انداز میں جاری ہے۔
پولیس کے مطابق غیر قانونی اسلحہ، اسلحے کی نمائش اور منشیات فروشی میں ملوث عناصر کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت ٹارگٹڈ آپریشنز جاری ہیں، جبکہ شہریوں کے جان و مال کے تحفظ اور جرائم کے خاتمے کے لیے خصوصی پولیس ٹیمیں مؤثر کارروائیاں کر رہی ہیں۔


