کراچی(ایچ آراین ڈبلیو) گلشنِ حدید میں واقع ایک موبائل شاپ پر چار مسلح ڈاکوؤں نے اسلحے کے زور پر دھاوا بول کر 60 سے 70 لاکھ روپے مالیت کے موبائل فونز اور 9 لاکھ 60 ہزار روپے نقدی لوٹ کر فرار ہوگئے۔ واقعے کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے جبکہ پولیس ملزمان کی تلاش میں مصروف ہے۔
صدر کراچی موبائل اینڈ الیکٹرانکس ڈیلرز ایسوسی ایشن منہاج گلفام نے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ کراچی میں تاجروں کے خلاف جرائم میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے اور روزانہ کی بنیاد پر تاجر اپنی جمع پونجی سے محروم ہو رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آج گلشنِ حدید میں ڈکیتی کا شکار ہونے والا تاجر شدید صدمے میں ہے اور زار و قطار رو رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بڑھتی ہوئی ڈکیتیوں کے باعث کاروباری سرگرمیاں بری طرح متاثر ہو رہی ہیں اور تاجر عدم تحفظ کا شکار ہیں۔
منہاج گلفام نے مطالبہ کیا کہ تاجروں کو فوری طور پر مؤثر سیکیورٹی فراہم کی جائے، واردات میں ملوث ملزمان کو جلد گرفتار کیا جائے، بصورت دیگر تاجر برادری سخت احتجاج پر مجبور ہوگی۔


