20

سندھ حکومت کا گندم کی ذخیرہ اندوزی کے خلاف صوبہ بھر میں کریک ڈاؤن کا فیصلہ

کراچی(ایچ آراین ڈبلیو) سندھ حکومت نے گندم کی غیر قانونی ذخیرہ اندوزی کے خاتمے کے لیے صوبہ بھر میں سخت کریک ڈاؤن کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ حکومت کا کہنا ہے کہ غیر قانونی طور پر ذخیرہ کی گئی گندم کو سرکاری نوٹیفائیڈ قیمت پر ضبط کیا جائے گا۔

چیف سیکریٹری سندھ نے واضح کیا ہے کہ مصنوعی قلت پیدا کرنے اور ناجائز منافع خوری کی کسی صورت اجازت نہیں دی جائے گی۔ اس سلسلے میں تمام کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز اور محکمہ خوراک کے حکام کو فوری کارروائی کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔

حکومت کے مطابق سندھ بھر میں اس وقت 290 فلور ملز اور 1033 لائسنس یافتہ گندم ٹریڈرز فعال ہیں، جبکہ عوام کو مناسب قیمت پر آٹے کی فراہمی اور ذخیرہ اندوزی کا خاتمہ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

سندھ حکومت نے واضح کیا ہے کہ کارروائی صرف غیر قانونی ذخیرہ اندوزی میں ملوث عناصر کے خلاف کی جائے گی، جبکہ جائز کاروبار کرنے والے تاجروں اور لائسنس یافتہ ڈیلرز کے مفادات کا مکمل تحفظ یقینی بنایا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں