55

ناظم آباد نمبر 3 پھر پانی سے محروم،واٹر کارپوریشن کے افسران پر سنگین الزامات

کراچی (ایچ آراین ڈبلیو)کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن کے ایکسئین عابد قادری اور ان کے وال مینوں پر ناظم آباد نمبر 3 کے باسیوں کو مسلسل پانی سے محروم کرکے علاقے کو “کربلا” بنانے کا الزام۔ علاقہ مکینوں کے مطابق 15 مئی کو اہل محلہ کے شدید احتجاج کے بعد محض ایک روز کے لیے علاقے کو مکمل پانی فراہم کیا گیا، مگر اگلے ہی دن پرانی روش بحال ہو گئی۔ رہائشیوں کا کہنا ہے کہ طے شدہ سپلائی کا وال صرف 20 منٹ کھول کر فوراً ناظم آباد نمبر 4 کی جانب موڑ دیا جاتا ہے، جہاں مبینہ طور پر ’حصّہ داری‘ طے ہے۔مکین رات 9 بجے سے 2 بجے تک وال مینوں کی تلاش میں سرگرداں رہتے ہیں، مگر پانی کی فراہمی چند منٹ سے زیادہ نہیں ہوتی۔ایکسئین عابد قادری کا دعویٰ ہے کہ علاقے کو رات 11 بجے سے 2:30 بجے تک پانی ملتا ہے تاہم حقیقت میں صرف 20–25 منٹ کی سپلائی رپورٹ کی گئی ہے جو دعوے کو مشکوک بناتی ہے۔علاقہ مکینوں نے وزیر اعلیٰ سندھ، میئر کراچی اور ایم ڈی واٹر کارپوریشن سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ اگر پانی کی ترسیل بحال نہ ہوئی تو احتجاج کا دائرہ بڑھا دیا جائے گا۔ دوسری جانب سماجی تنظیموں نے معاملے کی شفاف تحقیقات، پانی کی منصفانہ تقسیم اور ملوث اہلکاروں کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔شہریوں کا کہنا ہے کہ گرمی بڑھنے کے ساتھ پانی کے بحران نے معمولاتِ زندگی مفلوج کر دیے ہیں۔ اگر متعلقہ اداروں نے فوری قدم نہ اٹھایا تو صورتحال کسی بڑے سانحے کا پیش خیمہ بن سکتی ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں